ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا نکاسیٔ آب اور سیوریج نظام کا جائزہ
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر ایم سی کوئٹہ مجیب قمبرانی نے صفا کوئٹہ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسیٔ آب اور سیوریج نظام کا معائنہ کیا اور مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب قمبرانی نے صفا کوئٹہ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران نکاسیٔ آب اور سیوریج نظام سے متعلق جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر نے ایئرپورٹ روڈ، جناح روڈ، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ اور مشرقی بائی پاس سمیت مختلف علاقوں میں نالوں اور سیوریج لائنوں کی صورتحال کا معائنہ کیا اور درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں، جن پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر مجیب قمبرانی نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی واضح ہدایات کے مطابق شہر میں صفائی ستھرائی اور نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے نالوں کی باقاعدہ صفائی اور سیوریج نظام کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے صفا کوئٹہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن باہمی تعاون سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔