بلوچستان میں عوامی فلاح کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر تیز پیش رفت
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ پیپلز ٹرین سروس کے 14 اگست سے آغاز، 2100 کمیونٹی اسکولز کے قیام، 94 فیصد روٹین ویکسینیشن ہدف، آف گرڈ بجلی منصوبوں، سیف سٹی پراجیکٹس، فلٹریشن پلانٹس اور یوتھ اسکلز پروگرام پر پیش رفت رپورٹ کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے بروقت تکمیل، شفافیت اور بین الادارہ جاتی تعاون پر زور دیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
بلوچستان میں پائیدار ترقی اور عوامی فلاح کے متعدد اسٹریٹجک منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیپلز ٹرین سروس کی بوگیاں تیار کر لی گئی ہیں اور چودہ اگست سے ٹرین آپریشن کے باقاعدہ آغاز کا امکان ہے۔ تعلیم کے شعبے میں صوبے بھر میں دو ہزار ایک سو نئے کمیونٹی اسکول قائم کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک لاکھ چھتیس ہزار سے زائد آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔صحت کے شعبے میں بلوچستان نے روٹین ایمونائزیشن کے حوالے سے دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کرتے ہوئے چورانوے فیصد اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ جبکہ دور دراز اضلاع میں سستی بجلی کی فراہمی کے لیے آف گرڈ منصوبوں پر پیش رفت
جاری ہے اور نجی شعبے کی شمولیت سے پچاس فیصد کم لاگت بجلی کے حصول کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اجلاس میں صوبے کے آٹھ شہروں کو تیس جون تک سیف سٹی بنانے کے ہدف پر بھی غور کیا گیا۔ صاف پانی کی فراہمی کے لیے نو سو یونین کونسلز میں بارہ سو پچپن فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مزید چھ سو بیس امیدواروں کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ورک ویزوں کے اجرا کا عمل بھی جاری ہے۔ آبپاشی کے شعبے میں پانچ ڈیمز پر پیش رفت سے بیالیس ہزار ایکڑ سے زائد اراضی سیراب ہونے کی توقع ہے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ توانائی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
#Balochistan #DevelopmentProjects #PublicWelfare #PeoplesTrainService #EducationForAll #SafeCityProject #YouthDevelopment #CleanWater #EnergyReforms #Quetta #BalochistanProgress #PakistanDevelopment