بلوچستان: پارلیمانی سیکرٹری کا ترقی کے لیے بدعنوانی کے خاتمے پر زور
کوئٹہ میں عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر سیمینار میں پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے بدعنوانی کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ احتسابی عمل اور ہر شہری کا کردار بدعنوانی ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی نے کہا ہے کہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ نہایت ضروری ہے۔ بدعنوانی کی وجہ سے ملکی ترقی کا پہیہ رک جاتا ہے۔ کھڑا احتسابی عمل ہی بدعنوانی کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے زیر اہتمام عالمی یوم انسداد بدعنوانی سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز سید ظفر علی شاہ بخاری، سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان آفریدی، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نصیب اللہ کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے تمام افسران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوامی مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ اس کوشش میں حصہ ڈالے۔ عوامی مفادات کا تحفظ ایک بھاری ذمہ داری ہے اور کرپشن کے خاتمے سے ہی ہمارے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں اور ہم ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نصیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ محکمے نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے احسن اقدامات اٹھائے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیے گئے۔