2025 میں بلوچستان کے کھیلوں میں شاندار کارنامے

2025 میں بلوچستان کے کھیلوں میں شاندار کارنامے

سال 2025 بلوچستان کے کھیلوں کے لیے تاریخی رہا۔ پہلی ویمنز گیمز، فٹبال اور کرکٹ گولڈ کپ، بلوچستان گیمز اور متعدد ڈویژن فیسٹیولز کامیابی سے منعقد ہوئے۔ 35ویں نیشنل گیمز میں صوبائی کھلاڑیوں نے چار گولڈ اور 48 مجموعی میڈلز جیت کر بلوچستان کا نام روشن کیا۔ سال 2025 میں پاکستان میں سب سے زیادہ میگا اسپورٹس ایونٹس بلوچستان میں ہوئے۔

رپورٹ:محمد خان کاکڑ

سال 2025 کھیلوں کے حوالے سے بلوچستان کے لیے ایک یادگار اور تاریخی سال ثابت ہوا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے۔ صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ، سیکرٹری کھیل درا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس یاسر خان بازئی کی قیادت میں بلوچستان میں متعدد میگا اسپورٹس ایونٹس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
سال 2025 میں بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ویمنز گیمز کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے بھر سے خواتین کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں بھرپور شرکت کی۔ یہ ایونٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان میں خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔


محکمہ کھیل کی جانب سے پانچواں آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 300 سے زائد ٹیموں نے شرکت کی۔ شائقین فٹبال کی بڑی تعداد نے میچز دیکھے، جبکہ اس ایونٹ نے بلوچستان کا مثبت اور پرامن تشخص پوری دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ یہ ٹورنامنٹ صوبے کے کامیاب ترین فٹبال ایونٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔
کھیلوں کا یہ سلسلہ یہاں نہیں رکا بلکہ تیسری مرتبہ بلوچستان گیمز کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کے تمام ڈویژنز نے شرکت کی۔ اس ایونٹ نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کی ہے۔
اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرا وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان کے نامور کرکٹرز اور مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔ یہ ٹورنامنٹ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم اور مثبت قدم ثابت ہوا۔ اس کے علاوہ محکمہ کھیل کی جانب سے انٹر یونیورسٹیز اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں بلوچستان کی 14 یونیورسٹیز نے شرکت کی۔
سال 2025 کے دوران لورالائی ڈویژن فیسٹیول، ژوب ڈویژن فیسٹیول، مکران ڈویژن فیسٹیول، نصیرآباد فیسٹیول، قلات ڈویژن فیسٹیول سبی ڈویژن فیسٹیول اور تربت میں یوتھ فیسٹیول کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ حب میں سندھ بلوچستان گیمز منعقد کیے گئے، جنہوں نے بین الصوبائی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
اسی طرح سلطان گولڈن کے لیے عالمی معیار کا ایک شاندار ایونٹ منعقد کیا گیا، جسے دنیا بھر میں دیکھا گیا۔ اس ایونٹ کے دوران سلطان گولڈن نے دو عالمی ریکارڈ بھی قائم کیے، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ مزید برآں جھل مگسی میں جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کر کے اس ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔
محکمہ کھیل نے 35ویں نیشنل گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی بھرپور تیاری کروائی اور صوبائی دستے کو قومی ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ کیا، جہاں بلوچستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ چار گولڈ میڈلز حاصل کیے اور مجموعی طور پر 48 میڈلز اپنے نام کیے، جو صوبے کے لیے ایک شاندار کامیابی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے یوتھ سمٹ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر سے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہا اور بلوچستان کی مہمان نوازی سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
محکمہ کھیل کی جانب سے آئندہ سال بھی مختلف اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ سال 2025 کے یہ تمام ایونٹس اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ محکمہ کھیل بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ یہ اعزاز بھی بلوچستان کو حاصل ہے کہ سال 2025 میں پاکستان میں سب سے زیادہ اسپورٹس میگا ایونٹس صوبہ بلوچستان میں منعقد کیے گئے، جس پر محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔


Related News

Pakistan Day & Ramadan Sports Festival 2026 Preparations Reviewed in Key Meeting
Pakistan Day & Ramadan Sports Festival 2026 Preparations Reviewed in Key Meeting
Pakistan Declares It Will Not Play Against India in T20 World Cup 2026, ICC Responds Strongly
Pakistan Declares It Will Not Play Against India in T20 World Cup 2026, ICC Responds Strongly
Pakistan’s First International Football Training Camp Launched in Quetta
Pakistan’s First International Football Training Camp Launched in Quetta
Revival of Sports Grounds in Balochistan: International Football Training Program Launched in Quetta.
Revival of Sports Grounds in Balochistan: International Football Training Program Launched in Quetta.
Provincial Advisor Mina Majid Baloch Visits University of Turbat, Inaugurates Girls’ Common Room
Provincial Advisor Mina Majid Baloch Visits University of Turbat, Inaugurates Girls’ Common Room
Balochistan Government’s Tape Ball Cricket Tournament Concludes with Grand Success
Balochistan Government’s Tape Ball Cricket Tournament Concludes with Grand Success