ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کا ایف آئی اے زونل آفس بلوچستان کا دورہ۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے ایف آئی اے زونل آفس بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انتظامی و تفتیشی امور کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج، انسانی سمگلنگ اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کی گئیں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کارکردگی کو سراہتے ہوئے مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) رفعت مختار نے ایف آئی اے زونل آفس بلوچستان کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی اور تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر بلوچستان زون بہرام خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو صوبے میں جاری کارروائیوں، مجموعی کارکردگی اور کامیابیوں سے متعلق مفصل بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں 89 مقدمات درج جبکہ 112 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران ملزمان سے 45 ہزار 730 امریکی ڈالر، 190 ملین روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور 4 کروڑ 67 لاکھ پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ بجلی چوری کے خلاف 4 ہزار 771 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، جن میں 5 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری عمل میں آئی۔ انسانی سمگلنگ کے حوالے سے رواں سال 409 مقدمات درج کیے گئے جبکہ غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 3 ہزار 567 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 39 انسانی سمگلروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے منظم جرائم کے خلاف بلوچستان زون کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے تعریفی سرٹیفیکیٹس کا اعلان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بجلی چوری اور قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بلوچستان زون کی عملی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے جامع پلان طلب کیا اور ایف آئی اے کی عمارتوں، دفاتر اور دستیاب سہولیات کا بھی مفصل جائزہ لیا۔ انہوں نے لاجسٹک سہولیات کی بہتری کے لیے رپورٹ تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔