کوئٹہ، کچلاک اور سبی میں فوڈ سیفٹی کریک ڈاؤن، بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سخت کارروائیاں
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ، کچلاک اور سبی میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 79 کھانے پینے کے مراکز کی جانچ کی، سنگین بے ضابطگیوں پر 33 مراکز کے خلاف کارروائی جبکہ 25 مراکز کو جرمانے عائد کیے گئے۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ، کچلاک اور سبی میں ہمہ گیر انسپیکشن مہم کے دوران فوڈ سیفٹی کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران کوئٹہ اور سبی کے مختلف علاقوں میں 79 کھانے پینے کے مراکز کی جامع جانچ پڑتال کی گئی، جہاں متعدد سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔
فوڈ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 33 فوڈ پوائنٹس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ ناقص صفائی، غیر محفوظ اسٹوریج اور غیر معیاری انتظامات پر 25 ہوٹلوں، فاسٹ فوڈ کارنرز اور پکوان سینٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے۔ انسپیکشن کے دوران بار بار استعمال ہونے والا اور خراب کوکنگ آئل بھی برآمد ہوا جسے ضبط کر لیا گیا۔
مزید برآں مراکز میں مضر صحت رنگوں، چائنیز نمک اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال کا انکشاف ہوا، جبکہ بغیر فوڈ بزنس لائسنس چلنے والے متعدد فوڈ پوائنٹس بھی بے نقاب ہوئے۔ معمولی خامیوں پر 24 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔