ڈیرہ بگٹی میں فری آئی اینڈ میڈیکل کیمپ، سینکڑوں افراد مستفید
ڈیرہ بگٹی میں او جی ڈی سی ایل، ایف سی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تین روزہ فری آئی اینڈ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ، علاج اور سرجریز کی گئیں۔ دور دراز علاقوں کے لوگوں نے اسے بڑا ریلیف قرار دیا۔
او جی ڈی سی ایل کے تعاون، ایف سی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے ڈیرہ بگٹی میں پہلی بار تین روزہ فری آئی اینڈ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں
سوئی، سنگسیلہ، پیر کوہ، زین کوہ اور لوٹی سمیت دور دراز علاقوں سے آئے سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ، علاج اور مختلف سرجریز کی گئیں۔

کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کا تفصیلی چیک اپ کیا جبکہ آنکھوں کا معائنہ، موتیے کے آپریشن، کمزور بینائی کے مریضوں کے لیے مفت عینکیں، لینس اور تمام ادویات بغیر کسی فیس کے فراہم کی گئیں۔ مقامی افراد نے اس اقدام کو امید کی نئی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سہولیات پہلی بار گھر کے قریب میسر آئیں جس سے بڑے شہروں کے مہنگے سفر اور اخراجات سے نجات ملی۔
ایف سی بلوچستان کی جانب سے صوبے بھر میں فری میڈیکل کیمپوں کا سلسلہ عوام میں بھرپور پذیرائی حاصل کر رہا ہے، جبکہ ڈیرہ بگٹی میں فری آئی اینڈ میڈیکل کیمپ کا انعقاد ہزاروں مستحق شہریوں کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہوا ہے۔