ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے بلوچستان کی قیادت کو ایکسی لینس ایوارڈ
اسلام آباد میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے بلوچستان کے وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن کو ہیلتھ سروسز ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا۔ یہ اعزاز صوبے میں صحت کے شعبے میں بہتر گورننس، اصلاحات اور موثر اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشہ
ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی صحت قیادت کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن کو ہیلتھ سروسز ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا۔
یہ ایوارڈ صوبے میں صحت کے نظام کی بہتری، موثر گورننس، شفاف انتظامی اصلاحات اور عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔ تقریب میں ملکی و غیر ملکی ماہرینِ صحت، پالیسی سازوں اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جنہوں نے بلوچستان میں صحت کے شعبے میں حالیہ مہینوں کے دوران ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔
صوبائی وزیر اور سیکریٹری صحت کی قیادت میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کا آغاز، ضروری ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور بہتر رسائی جیسے اہم اقدامات بھی نمایاں رہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ “بلوچستان میں جاری اصلاحات پورے ملک کے لیے ایک ماڈل ہیں اور صوبائی قیادت کی محنت قابلِ تحسین ہے۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت اور سیکریٹری صحت نے پوری صحت ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے کے صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور محنت جاری رکھے گی۔