حسد: ایک خاموش اندرونی جنگ

حسد: ایک خاموش اندرونی جنگ

یہ تحریر حسد کو ایک پیچیدہ مگر فطری انسانی جذبہ قرار دیتی ہے جو دوسروں کی کامیابی دیکھ کر جنم لیتا ہے۔ مضمون میں بتایا گیا ہے کہ حسد دو طرح کا ہو سکتا ہے: تعمیری، جو انسان کو خود کو بہتر بنانے کی ترغیب دیتا ہے، اور تباہ کن، جو منفی خیالات، ذہنی دباؤ اور رشتوں میں خرابی کا سبب بنتا ہے۔ سائنسی اور نفسیاتی پہلوؤں کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے کہ خود شناسی، شکر گزاری اور جذباتی ذہانت کے ذریعے حسد پر قابو پا کر ذہنی سکون حاصل کیا جا سکتا ہے۔

حسد 
تحریر : ماہ رنگ خیر 
ایک خاموش اندرونی جنگ انسان کی فطرت میں شامل وہ پیچیدہ جذبہ ہے جو اکثر لاشعوری طور پر اس وقت جنم لیتا ہے جب انسان کسی دوسرے کی کامیابی، خوشی، صلاحیت یا مقام کو دیکھ کر اپنے اندر کمی، بےچینی یا محرومی محسوس کرنے لگتا ہے، بظاہر یہ احساس معمولی دکھائی دیتا ہے مگر اگر اس پر قابو نہ پایا جائے تو یہی جذبہ انسان کے اندر ایک خاموش جنگ شروع کر دیتا ہے جو آہستہ آہستہ اس کی سوچ، رویّے اور رشتوں کو متاثر کر کے اسے اندر سے کھوکھلا کرنے لگتا ہے، اکثر لوگ حسد کو صرف ایک منفی جذبہ سمجھتے ہیں حالانکہ نفسیات کے مطابق اس کا ایک تعمیری پہلو بھی موجود ہے کیونکہ جب انسان کسی اور کی کامیابی کو دیکھ کر خود کو بہتر بنانے، محنت کرنے اور آگے بڑھنے کا عزم کرے تو یہی حسد ایک محرک بن جاتا ہے، مگر مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب یہ جذبہ خود احتسابی کے بجائے دوسروں کو نیچا دکھانے، بدخواہی اور دل میں کینہ رکھنے کی شکل اختیار کر لے

، منفی حسد انسان کو مسلسل موازنوں میں الجھا دیتا ہے جس کے نتیجے میں وہ اپنی کامیابیوں کو کمتر اور دوسروں کی نعمتوں کو بڑھا چڑھا کر دیکھنے لگتا ہے، اس کیفیت میں شکر گزاری ختم ہو جاتی ہے اور ذہنی بے سکونی جنم لیتی ہے جو نہ صرف ذہنی دباؤ بلکہ سماجی اور خاندانی رشتوں میں دراڑوں کا باعث بنتی ہے، سائنسی تحقیق کے مطابق حسد کا تعلق دماغ کے امیگڈالا سے ہے جو خوف اور خطرے کے احساسات کو کنٹرول کرتا ہے، جب انسان کسی دوسرے کی ترقی کو اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے تو امیگڈالا متحرک ہو جاتا ہے جس سے دل کی دھڑکن تیز، بےچینی اور منفی خیالات پیدا ہوتے ہیں، جبکہ پری فرنٹل کارٹیکس دماغ کا وہ حصہ ہے جو سوچ، فیصلہ سازی اور جذبات پر قابو رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اگر یہ حصہ مضبوط ہو تو انسان حسد کے جذبات کو سمجھداری سے سنبھال سکتا ہے، ماہرین نفسیات کے مطابق حسد کی ایک بڑی وجہ خود اعتمادی کی کمی اور سماجی موازنہ ہے جو سوشل میڈیا کے اس دور میں مزید شدت اختیار کر چکا ہے کیونکہ لوگ دوسروں کی زندگی کے صرف خوبصورت پہلو دیکھ کر اپنی حقیقت سے موازنہ کرنے لگتے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر چمکتی تصویر کے پیچھے جدوجہد، ناکامیاں اور خاموش کہانیاں بھی موجود ہوتی ہیں، مسلسل حسد میں مبتلا رہنے سے جسم میں اسٹریس ہارمون کورٹیسول کی سطح بڑھ جاتی ہے جو ذہنی دباؤ کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کے مسائل کا سبب بھی بن سکتی ہے، تاہم سائنس یہ بھی تسلیم کرتی ہے کہ حسد ہمیشہ منفی نہیں ہوتا کیونکہ اسے تعمیری اور تباہ کن حسد میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، جہاں تعمیری حسد انسان کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے وہیں تباہ کن حسد نفرت، بدگمانی اور خود تباہی کا راستہ اختیار کر لیتا ہے، اسی لیے حسد سے نجات کا اصل راستہ خود شناسی، شکر گزاری اور جذباتی ذہانت میں پوشیدہ ہے کیونکہ جب انسان اپنی صلاحیتوں کو پہچان لیتا ہے اور یہ سمجھ لیتا ہے کہ ہر شخص کا سفر مختلف ہوتا ہے تو وہ دوسروں کی کامیابی کو خطرہ نہیں بلکہ حوصلہ سمجھنے لگتا ہے، اور یوں یہی خاموش اندرونی جنگ شکست کھا جاتی ہے اور ذہنی سکون انسان کی اصل کامیابی بن جاتا ہے۔


Related News

Battle of Truth — A Glorious Symbol of Unity, Sacrifice, and National Resolve
Battle of Truth — A Glorious Symbol of Unity, Sacrifice, and National Resolve
Nature’s Speed Master: How the Peregrine Falcon Inspired Modern Aviation
Nature’s Speed Master: How the Peregrine Falcon Inspired Modern Aviation
Viking Civilization: Between Myth, Reality, and Historical Narrati
Viking Civilization: Between Myth, Reality, and Historical Narrati
More Trees on Earth Than Stars in the Milky Way: A Surprising Scientific Discovery
More Trees on Earth Than Stars in the Milky Way: A Surprising Scientific Discovery
Stevia: A Natural Sweetness for Better Health
Stevia: A Natural Sweetness for Better Health
Ching Shih – The Most Powerful Female Pirate in History
Ching Shih – The Most Powerful Female Pirate in History