لورالائی میں بھنگ اور منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، 1650 کلو بھنگ برآمد و تلف
لورالائی میں ضلعی انتظامیہ کی بھنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں، مختلف علاقوں میں اچانک چھاپوں کے دوران 1650 کلو بھنگ اور چرس برآمد کر کے تلف کر دی گئی۔ 115 منشیات کاشتکاروں کو فہرست میں شامل کیا گیا جبکہ تین افراد گرفتار ہوئے۔ گزشتہ تین ماہ میں مجموعی طور پر 390 ایکڑ پر مشتمل بھنگ کی فصل بھی تلف کی جاچکی ہے.
رپورٹ: ملک امانت، لورالائی
لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم نے گزشتہ دو روز کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شرن علی زئی، موضع سرمالاک اور کلی نگانگہ میں اچانک چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران 1650 کلوگرام بھنگ اور چرس برآمد کرکے موقع پر ہی نذرِ آتش کر دی گئی جبکہ منشیات کاشت کرنے والوں کے قائم کردہ ٹھکانے بھی مسمار کر دیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ چند برسوں میں لورالائی اور ملحقہ علاقوں میں منشیات کی کاشت میں اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم اس سال ضلعی انتظامیہ نے جامع اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے 115 منشیات کاشت کرنے والے زمینداروں کو فہرست میں شامل کیا ہے، جبکہ تین افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق لورالائی میں 46 ایکڑ اور میختر میں 20 ایکڑ رقبے پر افیون کی کاشت ہو رہی تھی، جن میں سے لورالائی کی 34 ایکڑ اور میختر کی 15 ایکڑ فصل مکمل طور پر تلف کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باقی رہ جانے والے 17 ایکڑ رقبے پر بھی جلد کارروائی مکمل کر لی جائے گی۔
ضلعی حکام کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے جاری آپریشن میں بھنگ کی 390 ایکڑ فصل ختم کی جا چکی ہے، اور اگر کارروائیاں اسی رفتار سے جاری رہیں تو آئندہ ایک ہفتے میں لورالائی کو منشیات کی کاشت سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔