بلوچستان میں نیشنل جینڈر پیریٹی فریم ورک کی تیاری سے متعلق اجلاس منعقد۔
کوئٹہ میں نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی ٹیکنیکل ٹیم اور بلوچستان کمیشن برائے خواتین کے نمائندگان کے درمیان نیشنل جینڈر پیریٹی فریم ورک کی تیاری سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صنفی مساوات، ڈیٹا کے مؤثر استعمال اور جینڈر انٹیگریشن پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
بلوچستان میں نیشنل جینڈر پیریٹی فریم ورک کی تیاری کے سلسلے میں نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (NCSW) کی ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، بلاک 13، سول سیکریٹریٹ کوئٹہ کے کانفرنس ہال میں ہوا۔
اجلاس میں بلوچستان کمیشن برائے خواتین (BCSW) کے نمائندگان نے شرکت کی، جہاں نیشنل جینڈر پیریٹی فریم ورک کے حوالے سے سہولت کاری، تربیتی پہلوؤں اور تکنیکی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گفتگو کا مرکز بلوچستان سے متعلق بنیادی اور سیاق و سباق پر مبنی اشاریے رہے، جنہیں قومی سطح پر صنفی مساوات کے فریم ورک میں شامل کیا جا رہا ہے۔
شرکاء نے صنفی مساوات کے فروغ، خواتین کی سماجی و معاشی حیثیت بہتر بنانے، ڈیٹا کے مؤثر اور بروقت استعمال، اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں جینڈر انٹیگریشن کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ فریم ورک صوبائی اور قومی سطح پر جینڈر پیریٹی سے متعلق پالیسی سازی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شرکاء کے مطابق اس اقدام سے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور مساوی ترقی کے مواقع کی فراہمی میں مدد ملے گی اور بلوچستان میں جینڈر حساس پالیسیوں کے نفاذ کو تقویت حاصل ہوگی۔