بلوچستان کے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے کا مؤثر ریسکیو آپریشن مکمل
بلوچستان کے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے نے بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشن مکمل کرتے ہوئے سینکڑوں مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پی ڈی ایم اے اور ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ:سیدہ نتاشا
بلوچستان کے برف باری سے شدید متاثرہ علاقوں میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مؤثر اور بروقت ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند کے مطابق شدید برف باری کے باعث مختلف شاہراہوں پر پھنسنے والی درجنوں گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شدید سردی اور دشوار گزار حالات میں پھنسے سینکڑوں مسافروں کو بروقت ریسکیو کرکے قیمتی انسانی جانیں بچائی گئیں، جو پی ڈی ایم اے اور دیگر امدادی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پی ڈی ایم اے بلوچستان اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے والے افسران اور فیلڈ میں خدمات انجام دینے والی ٹیموں کے لیے حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹس دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔