وزیراعظم پاکستان اور گورنر بلوچستان کی ملاقات، ترقی اور رابطہ منصوبوں پر تبادلہ خیال
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں ملک اور بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ گورنر بلوچستان نے کراچی تا چمن قومی شاہراہ N25 کے افتتاح پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے خطے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ ملاقات میں کوئٹہ تا جدہ براہِ راست پرواز کی بحالی، کوئٹہ، ژوب اور اسلام آباد ایکسپریس وے کی تعمیر، اور پی آئی اے کے مہنگے کرایوں میں کمی و پروازوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا گیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک اور بلوچستان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے وزیراعظم پاکستان کو قومی شاہراہ این ٹوئنٹی فائیو، کراچی تا چمن کے افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک شاہراہ نہ صرف ملک کے سب سے بڑے بندرگاہی شہر کراچی کو سرحدی شہر چمن سے جوڑتی ہے بلکہ مستقبل میں وسطی ایشیا تک تجارتی رسائی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جس سے تجارت اور زراعت کو فروغ ملے گا۔
گورنر بلوچستان نے کوئٹہ سے جدہ کی براہِ راست پرواز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور زائرین کے لیے یہ سہولت انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کوئٹہ، ژوب اور اسلام آباد ایکسپریس وے کی تعمیر پر بھی زور دیا تاکہ بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان زمینی رابطوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے وزیراعظم کی توجہ کوئٹہ سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے لیے پی آئی اے کے مہنگے فضائی کرایوں کی جانب بھی دلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر شہروں کے مقابلے میں یہ کرایے کہیں زیادہ ہیں، جو بلوچستان کے مسافروں پر بھاری مالی بوجھ ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کرایوں میں کمی اور پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔