کوئٹہ میں ’’رن فار فن‘‘ پانچ کلومیٹر ریس کا انعقاد، نقد انعامات کا اعلان
محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام اتوار 11 جنوری 2026 کو کوئٹہ میں ’’رن فار فن‘‘ کے نام سے پانچ کلومیٹر ریس منعقد کی جائے گی۔ ریس ایئرپورٹ روڈ سے ایوب اسپورٹس کمپلیکس تک ہوگی، جس میں پہلی پوزیشن پر 50 ہزار، دوسری پر 30 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 15 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
رپورٹ: محمد خان کاکڑ
بہتر اور صحت مند کوئٹہ کے فروغ کے لیے محکمہ کھیل بلوچستان کی جانب سے اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے، جس کے تحت اتوار 11 جنوری 2026 کو ’’رن فار فن‘‘ کے عنوان سے پانچ کلومیٹر دوڑ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ ریس ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ سے شروع ہو کر ایوب اسپورٹس کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوگی۔
ریس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جس کے مطابق پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو 50 ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر 30 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو 15 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
ریس کے منتظمین، پروونشل کوچ صنوبر خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر امان اللہ خان کا کہنا ہے کہ اب تک سینکڑوں کھلاڑی اپنی انٹریز کروا چکے ہیں، جو اس ایونٹ کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
اس ریس کا باقاعدہ افتتاح مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ کریں گی۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری برائے کھیل و امور نوجوانان بلوچستان درا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر خان بازئی، محکمہ کھیل کے اعلیٰ افسران، کوچز اور مختلف سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
منتظمین کے مطابق ریس دوپہر ڈیڑھ بجے ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ سے شروع ہوگی اور اختتام پر ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں کامیاب کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔