بلوچستان میں برفباری، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کان مہترزئی کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ
بلوچستان میں حالیہ برفباری کے بعد وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانذیب خان نے کان مہترزئی کا دورہ کیا۔ قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ہیوی مشنری کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
بلوچستان میں برفباری کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانذیب خان نے کان مہترزئی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ریسکیو نوید احمد شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے برفباری کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کی زیر نگرانی کان مہترزئی میں قومی شاہراہ سے برف ہٹانے کا عمل جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بحال رکھا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانذیب خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ہیوی مشنری کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور عوام کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کو رواں دواں رکھا جا رہا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کا عملہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوام کی خدمت کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ممکنہ برفباری اور بارشوں کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں پہلے ہی سامان اور مشنری پہنچا دی گئی تھی، اور پی ڈی ایم اے کا عملہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔