بلوچستان سے معطل ٹرین سروس ایک روز بعد بحال
سکیورٹی خدشات اور انتظامی وجوہات کے باعث بلوچستان سے اندرونِ صوبہ اور ملک کے مختلف حصوں کے لیے معطل کی گئی ٹرین سروس ایک روز کے تعطل کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق صورتحال معمول پر آ چکی ہے اور ٹرینیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔
رپورٹ: لاریب رضا
بلوچستان سے اندرونِ صوبہ اور ملک کے مختلف حصوں کے لیے معطل کی گئی ٹرین سروس ایک روز کے تعطل کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات اور بعض انتظامی وجوہات کے پیشِ نظر گزشتہ روز ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی تھی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریلوے حکام نے آج صورتحال معمول پر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹرین سروس کی بحالی کا اعلان کیا، جس کے بعد مختلف روٹس پر ٹرینیں اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق روانہ ہو گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ٹرین سروس کی بحالی پر مسافروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، تاہم بعض مسافروں نے تعطل کے باعث پیش آنے والی مشکلات پر تحفظات بھی ظاہر کیے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسافروں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔