ورلڈ کینسر ڈے 2026: "یونائیٹڈ بائی یونیک" — آگاہی اور بروقت تشخیص کا عالمی پیغام
4 فروری کو دنیا بھر میں ورلڈ کینسر ڈے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کینسر سے متعلق آگاہی، ابتدائی تشخیص اور بروقت علاج کی حوصلہ افزائی ہے۔ سال 2026 کے لیے مہم کا مرکزی موضوع "United by Unique" رکھا گیا ہے، جو اس بات پر زور دیتا ہے کہ ہر مریض کا سفر منفرد ہے، مگر کینسر کے خلاف جدوجہد میں ہم سب متحد ہیں۔
تحریر: سیدہ نتاشا
4 فروری کو دنیا بھر میں ورلڈ کینسر ڈے (سرطان کا عالمی دن) منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کینسر کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا، اس کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا اور علاج کی طرف لوگوں کو راغب کرنا ہے۔
سال 2026 کے لیے ورلڈ کینسر ڈے کی مہم کا موضوع "United by Unique" رکھا گیا ہے، جو 2025 سے 2027 تک جاری رہے گا۔ اس تھیم کا بنیادی مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ اگرچہ کینسر کے خلاف ہر فرد کی جدوجہد اور کہانی منفرد ہوتی ہے، مگر اس بیماری کے خلاف ہم سب ایک مشترکہ مقصد کے تحت متحد ہیں۔ مہم میں مریضوں کی انفرادی ضروریات، جذباتی مسائل اور سماجی پہلوؤں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر کینسر کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہو جائے تو علاج کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔ کینسر کی عام علامات میں جسم کے کسی حصے میں بغیر درد کی بڑھتی ہوئی گلٹی، بغیر وجہ وزن میں کمی، مسلسل تھکاوٹ، کھانسی یا پاخانے کے ساتھ خون آنا، آواز کا بیٹھ جانا یا نگلنے میں دشواری شامل ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لا کر کینسر کے خطرے کو 30 سے 50 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ تمباکو نوشی سے مکمل پرہیز، متوازن غذا کا استعمال، روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش، اور باقاعدہ طبی معائنہ کینسر سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، خصوصاً ان افراد کے لیے جن کے خاندان میں کینسر کی ہسٹری موجود ہو۔
اعداد و شمار کے مطابق کینسر دنیا بھر میں اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے، اور ہر سال لاکھوں افراد اس مرض کا شکار ہوتے ہیں۔ ورلڈ کینسر ڈے کا ایک اہم مقصد کینسر سے جڑے خوف، غلط فہمیوں اور سماجی بدنامی کا خاتمہ کرنا بھی ہے، تاکہ لوگ بلا جھجھک ڈاکٹر سے رجوع کر سکیں۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ کینسر اب مکمل طور پر لاعلاج مرض نہیں رہا، بشرطیکہ اس کی تشخیص بروقت ہو اور علاج وقت پر شروع کیا جائے۔