بلوچستان کے آبی حصے کی فراہمی کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کا سکھر بیراج کا ہنگامی دورہ
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی وفد نے سکھر بیراج کا دورہ کیا، جہاں سندھ ایریگیشن حکام نے 24 سے 48 گھنٹوں میں بلوچستان کو مقررہ حصے کا پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ ارسا قوانین کے تحت بلوچستان کے آبی حقوق کا تحفظ اور کاشتکاروں کو بروقت پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سکھر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان کو زرعی پانی کے مقررہ حصے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے سکھر بیراج کا ہنگامی دورہ کیا۔
وفد میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی اور سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ شامل تھے۔ دورے کے دوران سندھ ایریگیشن حکام نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر بلوچستان کو ارسا قوانین کے مطابق اس کے مقررہ حصے کا پانی فراہم کر دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ بلوچستان کی نہروں میں اس وقت پانی کی شدید قلت ہے اور بوائی کے اہم مرحلے پر کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر دریائے سندھ میں پانی کی مجموعی کمی بھی ہو تب بھی ارسا قوانین کے تحت بلوچستان کو اس کا مکمل اور جائز حصہ فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے آبی حقوق کے تحفظ اور کاشتکاروں کو پانی کی بروقت فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Keywords : Sukkur Barrage, Balochistan Water Share, IRSA, Irrigation Water