وجدان کی پوشیدہ طاقت: شعور اور لاشعور کا پل
یہ تحریر وجدان (Intuition) کی حقیقت اور اس کی نفسیاتی و فلسفیانہ اہمیت کو بیان کرتی ہے۔ وجدان دماغ کی وہ لاشعوری صلاحیت ہے جو تجربے، مشاہدے اور سیکھے گئے نمونوں کی بنیاد پر فوری فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے۔ Carl Jung نے اسے لاشعوری ذہانت کا عمل قرار دیا، جبکہ Sigmund Freud منطقی تجزیے کو علم کا اصل ذریعہ سمجھتے تھے۔ Daniel Kahneman نے اپنی کتاب Thinking, Fast and Slow میں اسے "سسٹم 1 تھنکنگ" کہا، جبکہ Gary Klein نے ماہرین کے فوری فیصلوں کو شناخت پر مبنی ماڈل (RPD) سے جوڑا۔ مشرقی و مغربی فلسفہ بھی وجدان کو اہمیت دیتا ہے، جیسے Sri Aurobindo اور Plato کے نظریات۔ خلاصہ یہ کہ وجدان کوئی جادوئی قوت نہیں بلکہ دماغ کی تیز لاشعوری پراسیسنگ ہے، جو تجربے اور شعوری غور و فکر کے ساتھ سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی
وجدان کی پوشیدہ طاقت: شعور اور لاشعور کا پل
تحریر: عروبہ شہزاد
انسانی دماغ ایک حیرت انگیز مشین ہ کی طرح کام کرتا ہے، جو معلومات کو جمع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان تعلقات اور امکانات بھی پہچان لیتا ہے۔ اس صلاحیت کو ہم عام طور پر وجدان یا intuition کہتے ہیں۔ اگر بہت سادہ انداز میں بیان کیا جائے تو یہ وہ احساس یا سمجھ جو بغیر سوچے سمجھے دل یا دماغ میں فوراً آ جائے۔ یہ وہ اندرونی آواز ہے جو کبھی کبھار بغیر کسی واضح وجہ کے ہمیں کسی فیصلے کی طرف مائل کرتی ہے، یا کسی مسئلے کا حل فوری طور پر دکھا دیتی ہے
۔ کارل جونگ نے وجدان کو ایک "غیر عقلی فعل" (Irrational act)کے طور پر دیکھا، جو شعوری سوچ کے بجائے لاشعوری ذہانت کے ذریعے کام کرتا ہے۔ اس کے برعکس،سیگمنڈ فرائیڈ کے مطابق علم صرف منطقی مشاہدے اور تجزیے کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وجدان جیسے غیر منطقی علم کے ذرائع کو رد کیا۔ کارل جونگ کے مطابق intuition ہمیں نئے امکانات، تصاویر اور حل دکھاتا ہے، جو اکثر ہماری عام عقل سے بالاتر ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک کاروباری شخص جو جونگ کے مطابق extroverted intuitive type ہے، وہ نئے اور غیر تجربہ شدہ منصوبوں کی طرف جلدی مائل ہو سکتا ہے، چاہے اس نے پچھلے منصوبوں سے مکمل فائدہ نہ اٹھایا ہو۔ آج کے نفسیاتی مطالعے میں، وجدان کو فوری اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ڈینیل کانمین (Daniel Kahneman) انہوں نے اپنی کتاب Thinking, Fast and Slow میں انٹویشن کو "System 1 thinking" کہا، یعنی دماغ کا فوری، خودکار اور بغیر محنت کے سوچنے کا طریقہ، جو اکثر صحیح نتائج دیتا ہے لیکن ہر بار درست نہیں ہوتا۔ Gary Klein نے پایا کہ ماہرین مشکل حالات میں اپنے تجربات کی بنیاد پر فوری فیصلے کرتے ہیں، بغیر کسی مکمل منطقی تجزیے کے۔ یہ ماڈل recognition-primed decision (RPD) یعنی "شناخت پر مبنی فیصلہ" کہلاتا ہے، جس میں وجدان اور تجزیہ دونوں شامل ہوتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ وجدان ہمیشہ درست نہیں ہوتا۔ یہ اکثر تجربے اور ماحول پر منحصر ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر، جو والدین بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں، وہ بعض اوقات بہتر وجدان رکھتے ہیں کہ کسی بچے کی ضرورت کیا ہے، مگر یہ ہر وقت صحیح نہیں ہوتا۔ وجدان کی حقیقت یہ ہے کہ یہ جادو یا اندازہ نہیں بلکہ دماغ کی تیز اور لا شعوری معلوماتی صلاحیت ہے۔ یہ ہمارے تجربات، مشاہدات اور Subconscious پر مبنی ہوتا ہے، اور اکثر فوری فیصلوں یا مسائل کے حل میں مدد دیتا ہے۔ تاہم، وجدان ہمیشہ درست نہیں ہوتا اور بعض اوقات جذبات یا غلط فہمیوں کی وجہ سے ہمیں گمراہ بھی کر سکتا ہے۔ سب سے زیادہ قابل اعتماد وجدان وہ ہے جو تجربے، علم اور شعوری غور و فکر کے ساتھ ہو۔ اگر بات کی جائے تو وجدان (Intuition) اور گٹ فیلنگ (Gut Feeling) دونوں فوری اندرونی احساسات سے متعلق ہیں، لیکن ان میں باریک فرق ہے۔ وجدان دراصل دماغ کی وہ لاشعوری صلاحیت ہے جو تجربے، مشاہدے اور سیکھے ہوئے نمونوں کی بنیاد پر کسی صورتحال کے بارے میں تیزی سے درست اندازہ لگاتی ہے، چاہے انسان اس کی مکمل دلیل فوراً بیان نہ کر سکے۔ اس کے مقابلے میں گٹ فیلنگ زیادہ تر ایک فوری جذباتی یا جسمانی ردِعمل ہوتا ہے جیسے بے چینی یا اطمینان کا احساس جو ضروری نہیں کہ تجربے یا گہرے علم پر مبنی ہو۔ سادہ لفظوں میں، وجدان نسبتاً زیادہ پختہ اور ذہنی پراسیسنگ کا نتیجہ ہوتا ہے، جبکہ گٹ فیلنگ زیادہ فوری اور جذباتی تاثر ہوتا ہے۔ مشرق اور مغرب دونوں کے فلاسفہ نے وجدان پر غور کیا ہے۔ ہندو فلسفہ میں، سری اروبندو کے مطابق وجدان وہ علم ہے جو شعور سے بالاتر ہے اور انسان کی داخلی روشنی یا "knowledge by identity" کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ بدھ مت میں، وجدان فوری علم کی ایک حالت ہے جو شعوری سوچ کی پہنچ سے باہر ہے۔ زین بودھ مت میں، koans یا ذہنی پہیلیاں اس صلاحیت کو بڑھانے کا ذریعہ ہیں۔ زین بدھ مت میں خاص قسم کے سوالات یا کہانیاں استعمال کی جاتی ہیں جنہیں Koans (کوآنز) کہا جاتا ہے، اور ان کا مقصد عام منطقی سوچ کو توڑ کر انسان کی گہری بصیرت اور وجدانی سمجھ (intuition) کو بیدار کرنا ہوتا ہے۔ مغربی فلسفہ میں، افلاطون اور ڈیکارٹیس نے بھی وجدان پر غور کیا۔ افلاطون کے مطابق، وجدان وہ علم ہے جو روح کے اندر پہلے سے موجود ہے، جبکہ ڈیکارٹیس کے مطابق وجدان منطقی غور و فکر کے ذریعے سچائی کی طرف لے جاتا ہے۔فرض کریں کہ آپ شام کے وقت سڑک پر گاڑی چلا رہے ہیں۔ اچانک آپ کو کچھ ٹھیک نہیں لگتا شاید کسی کونے میں روشنی کم ہے یا آپ کے اردگرد کا ماحول عجیب محسوس ہوتا ہے۔ آپ فوراً رفتار کم کر دیتے ہیں یا راستہ بدل لیتے ہیں۔ بعد میں پتا چلتا ہے کہ سامنے ایک حادثہ ہونے والا تھا یا سڑک پر کوئی رکاوٹ تھی۔یہ احساس یا فوراً ردعمل آپ کے دماغ کی لاشعوری معلومات کی بنیاد پر پیدا ہونے والی وجدان تھی۔ آپ نے کوئی سوچ سمجھ کر فیصلہ نہیں کیا، لیکن آپ کا دماغ نے ماضی کے تجربات اور ماحول کی چھوٹی چھوٹی علامات کو فوری طور پر پہچان کر آپ کو خطرے سے بچا لیا۔ وجدان ہمارے روزمرہ فیصلوں میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ ایک تجربہ کار ڈاکٹر فوری فیصلہ کرتا ہے کہ مریض کو کس طرح کا علاج چاہیے، بغیر ہر جزوی تفصیل پر غور کیے۔ ایک استاد فوری اندازہ لگا لیتا ہے کہ کون سا طالب علم کسی موضوع کو سمجھنے میں مشکل محسوس کر رہا ہے۔ ایک سرمایہ کار مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا احساس لے کر جلدی فیصلہ کرتا ہے کہ کہاں سرمایہ لگانا چاہیے۔وجدان اکثر پہلے قدم کی رہنمائی کرتا ہے، اور پھر عقل اس فیصلے کو جواز یا دلیل کے ذریعے مضبوط کرتی ہے۔ زیادہ معلومات یا زیادہ تجزیہ وجدان کی فوری طاقت کو دبانے لگتا ہے، جس سے فیصلے سست یا غیر یقینی ہو جاتے ہیں۔ وجدان ایک طاقتور اوزار ہے جو انسانی شعور اور لاشعور کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔ یہ تخلیقیت، نئے راستوں کو سمجھنے، اور روزمرہ کے فیصلوں میں مدد دیتا ہے۔ مثال کے طور پر، جب آپ کسی مشکل فیصلے کے مرحلے پر ہوں، تو پہلا جذبہ یا احساس جو فوری طور پر آتا ہےاکثر آپ کے صحیح انتخاب کی نشاندہی کرتا ہے۔ وجدان دراصل دماغ کی معلومات کو تیزی سے اور لاشعوری طور پر سمجھنے اور پرکھنے کی صلاحیت ہے۔ یہ ایک حقیقی اور قابلِ پیمائش عمل ہے اور اکثر مفید ثابت ہوتا ہے، مگر یہ کوئی پراسرار قوت نہیں اور نہ ہی ہمیشہ درست ہوتا ہے۔سب سے زیادہ قابلِ اعتماد وجدان وہ ہوتا ہے جو تجربے، غور سے دیکھنے، خود کو سمجھنے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کے ملاپ سے بنتا ہے۔