گوادر ماڈل ہائی اسکول میں سکل ایجوکیشن سینٹر کا افتتاح , نوجوانوں کے لیے نیا موقع
وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ درانی کے وژن کے تحت گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول گوادر میں سکل ایجوکیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ اس کا مقصد طلبہ کو روایتی تعلیم کے ساتھ عملی ہنر، خصوصاً کشتی سازی (Boat Crafting)، سکھانا ہے۔ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ضلعی افسران نے تقریب میں شرکت کی اور اسے علاقائی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ مقامی لوگوں نے بھی اس منصوبے کا خیر مقدم کیا۔
رپورٹ: عروبہ شہزاد
وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ درانی کے وژن کے تحت گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول گوادر میں سکل ایجوکیشن سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ یہ اقدام نہ صرف صوبے کے تعلیمی نظام میں ایک مثبت اور جدید اضافہ ہے بلکہ گوادر کے نوجوانوں کے لیے مستقبل کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، ضلعی افسران اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس منصوبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عملی ہنر اور تکنیکی تربیت کا فروغ آج کے دور میں کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اس سکل ایجوکیشن سینٹر کا بنیادی مقصد اسکول کے طلبہ کو روایتی نصاب کے ساتھ ساتھ عملی ہنر سے بھی آراستہ کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ساتویں سے نویں جماعت تک کے بچوں کو روزانہ 40 منٹ کی خصوصی تربیت دی جائے گی، جس میں انہیں کشتی سازی جیسے ہنر سکھائے جائیں گے۔ گوادر جیسے ساحلی شہر میں یہ ہنر نہ صرف معاشی مواقع فراہم کرے گا بلکہ مقامی صنعت، فشریز اور روزگار کی مارکیٹ کو بھی مضبوط کرے گا۔
تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ہنر مندی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، اور کشتی سازی سیکھنے سے نوجوان نہ صرف مالی طور پر خود مختار ہو سکیں گے بلکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
مقامی افراد نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سکل ایجوکیشن سینٹر گوادر کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن اور مضبوط مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا، جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی ہنر بھی ان کا اثاثہ بنے گا۔