ملائکہ زاہد کا کارنامہ, 35ویں نیشنل گیمز میں باکسنگ میں گولڈ میڈل
بلوچستان کی ملائکہ زاہد نے 35ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان آرمی کی نمائندگی میں باکسنگ کا گولڈ میڈل جیت لیا۔
رپورٹ: محمد خان کاکڑ
بلوچستان کی باصلاحیت کھلاڑی ملائکہ زاہد نے 35ویں نیشنل گیمز میں باکسنگ کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان آرمی کے لیے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ ملائکہ زاہد کی یہ کامیابی نہ صرف صوبہ بلوچستان کے لیے قابلِ فخر لمحہ ہے بلکہ پاکستان آرمی کی اسپورٹس کارکردگی میں ایک اہم اضافہ بھی ہے۔
مقابلوں کے دوران ملائکہ زاہد نے بہترین تکنیک، شاندار مہارت اور بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے حریفوں کو بھرپور مقابلے کے بعد شکست دے کر نہ صرف فائنل تک رسائی حاصل کی بلکہ فیصلہ کن مقابلے میں بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کامیابی یقینی بنائی۔
کھیلوں کے حلقوں نے ملائکہ زاہد کی اس اہم کامیابی کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ صوبے بھر میں کھیلوں کے شائقین نے ان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے۔
ملائکہ زاہد کی اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بلوچستان کی بیٹیاں ہر میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔