پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل شعبے میں 850 ملین ڈالر کے معاہدے
پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبے میں 850 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے ویکسین، ادویات کے خام مال اور طبی آلات کی مقامی پیداوار کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔
اسلام آباد: پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان دو روزہ پاکستان-چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کے اختتام پر 850 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران 16 معاہدے اور 80 ایم او یوز طے پائے، جن میں 600 ملین ڈالر کے معاہدے اور 250 ملین ڈالر کی مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 18 معاہدے جڑی بوٹیوں پر مبنی ادویات سے متعلق ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ویکسین، ادویات کے خام مال اور طبی آلات کی مقامی پیداوار کے فروغ پر اتفاق کیا ہے، جس سے درآمدات میں کمی، زرمبادلہ کی بچت اور ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی 80 فیصد سے زائد خدمات ڈیجیٹل ہو چکی ہیں اور ادویات کے لائسنس اب آن لائن درخواست کے بعد 20 روز میں جاری کیے جائیں گے۔
کانفرنس میں 146 چینی کمپنیوں کے تقریباً 220 نمائندوں اور 200 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی، جسے پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل، صحت اور بائیوٹیک شعبوں میں تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

Keywords : Pakistan-China, Pharmaceutical Investment, Healthcare, Vaccine Production