وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی کوئٹہ کوآرڈینیٹر کا سول ہسپتال تھیلیسیمیا سینٹر کا خصوصی دورہ
وزیر اعظم یوتھ پروگرام کوئٹہ کی کوآرڈینیٹر فاطمہ خان نے سیول ہسپتال کے تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید طبی سہولیات کا جائزہ لیا، عملے کی کارکردگی کو سراہا اور متاثرہ بچوں کے لیے مزید حکومتی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
کوئٹہ: وزیر اعظم یوتھ پروگرام کوئٹہ کی کوآرڈینیٹر فاطمہ خان نے سول ہسپتال کے تھیلیسیمیا سینٹر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عبدالہادی کاکڑ، ڈپٹی ایم ایس اور آر ایم او جنرل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران سماجی کارکن نعمان، خدمت کمیٹی کے عہدیداران، تھیلیسیمیا سینٹر کے سینئر ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے نے بھی بھرپور شرکت کی۔ فاطمہ خان نے تھیلیسیمیا سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں نصب جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل نئی مشینری اور لیبارٹری سہولیات کا جائزہ لیا
انہوں نے سول ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے آر بی سی سینٹر کے عملے کی محنت اور بہترین کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
دورے کے اختتام پر فاطمہ خان نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے ساتھ کیک کاٹا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے حکومتی سطح پر مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور علاج و سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے وہ اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔