چائلڈ پروٹیکشن اور ایم ایچ پی ایس ایس پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف سائیکائٹری اینڈ بیہیویئرل سائنسز نے یونیسف کے تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن اور مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں مختلف اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں کیس مینجمنٹ، ریفرل میکنزم، قانونی حقوق، اور بچوں کی ذہنی صحت سے متعلق اہم نکات پر تربیت دی گئی۔
رپورٹ:سیدہ نتاشا
بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف سائیکائٹری اینڈ بیہیویئرل سائنسز نے یونیسف کے تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن اور مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ کے موضوع پر تین روزہ جامع تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ ورکشاپ میں پولیس، وکلاء، ایمرجنسی رسپانس، ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور محکمۂ صحت کے افسران سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
تربیت کے دوران بلوچستان میں بچوں کے تحفظ، ذہنی صحت کی اہمیت اور سائیکو سوشل سپورٹ کے مؤثر نظام کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء کو چائلڈ پروٹیکشن کیس مینجمنٹ، ریفرل میکنزم، فیلڈ میں درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے عملی طریقۂ کار پر خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر بی آئی پی پی ایس پروفیسر ڈاکٹر حضرت علی خان اور پراجیکٹ کنسلٹنٹ شیرباز مری نے اپنے خطابات میں کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے مختلف محکموں کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹس میں بی آئی پی بی ایس کے ماہرین نفسیات اور سائکاٹرسٹس کی شمولیت بچوں کی ذہنی و نفسیاتی بحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
قانونی ماہر عبدالحئی ایڈووکیٹ نے شرکاء کو بچوں سے متعلق قوانین، ان کے بنیادی حقوق اور قانونی تحفظ کے تقاضوں سے آگاہ کیا۔ تربیت کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔