جامعہ بلوچستان میں بین الاقوامی معیار کے اسکواش کورٹ کا افتتاح.
جامعہ بلوچستان میں جدید سہولیات سے آراستہ بین الاقوامی معیار کے اسکواش کورٹ کا افتتاح کیا گیا، جس میں عالمی نمبر 8 اسکواش کھلاڑی زبیر احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو صحت مند اور مثبت کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
جامعہ بلوچستان میں بین الاقوامی معیار کے جدید اسکواش کورٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر عالمی نمبر 8 اسکواش کھلاڑی زبیر احمد خان نے وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد باذئی کی خصوصی دعوت پر تقریب میں شرکت کی۔
زبیر احمد خان نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا اور وائس چانسلر کے ہمراہ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ میں قائم نئے اسکواش کورٹ کا افتتاح کیا۔ یہ کورٹ جدید سہولیات سے آراستہ ہے اور طلبہ و طالبات کو صحت مند، مثبت اور تعمیری کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام الرزاق شاہوانی، ایران کے قومی اسکواش کوچ وزیر جان خان، اسکواش کھلاڑی کاشان، ڈائریکٹر اسپورٹس محمود خان، ڈائریکٹر جنرل اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ناصر کھیازی، سلال خان، محمد صادق اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران و عملے نے شرکت کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد باذئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت دیتی ہے تاکہ طلبہ کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں توازن پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے مستقبل میں کھیلوں سے متعلق مزید منصوبوں کے آغاز کا عندیہ بھی دیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی نے جامعہ بلوچستان کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ افتتاح کے بعد ایک نمائشی اسکواش میچ بھی کھیلا گیا جسے شرکاء نے بھرپور داد دی۔