اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کوئٹہ، گوادر اور پشین میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقامات سے بھاری مقدار میں آئس، ہیروئن، چرس اور ویڈ برآمد کرلی۔ تمام کارروائیاں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج مقدمات کے بعد مزید تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کردی گئیں۔
رپورٹ:سیدہ نتاشا
کوئٹہ: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیں۔ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پمپ بازار کے قریب ضلع گوادر میں ایک کارروائی کے دوران پلاسٹک ٹینک میں چھپائی گئی 71 کلو گرام آئس، 13 کلو گرام ہیروئن اور 10 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ اسمگلرز منشیات کو ملک کے مختلف شہروں تک پہنچانے کی کوشش میں تھے۔
ایک اور بڑی کارروائی میں حمید کراس سرنان، ضلع پشین کے قریب 2160 کلوگرام گردہ چرس پکڑی گئی، جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم اے این ایف ٹیم نے علاقے کا محاصرہ کر کے کوشش ناکام بنا دی۔
اسی طرح نگور شریف، ضلع گوادر سے 8 کلوگرام ویڈ بھی برآمد کی گئی، جسے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ نوجوانوں کو اس زہر سے محفوظ رکھا جا سکے۔