وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی پر خراجِ عقیدت
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کی عوامی خدمت، جمہوری سوچ اور قومی یکجہتی کے لیے جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نوجوانوں کو ان کی جدوجہد سے رہنمائی لینے کی تلقین کی۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید عوامی خدمت، جمہوری سوچ اور سیاسی بصیرت کی روشن علامت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے عوامی حقوق اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی، جس کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر باوقار شناخت حاصل ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قوم آج بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قربانیوں اور خدمات کو عقیدت اور احترام سے یاد کرتی ہے۔ ان کی سیاست عوامی فلاح اور قومی یکجہتی کا عملی مظہر تھی، جس نے معاشرے کے مختلف طبقات کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ شہید محترمہ نے خواتین کے سیاسی کردار کو مضبوط اور مؤثر بنایا اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ ان کی جدوجہد، جرات اور عزم سے رہنمائی حاصل کرے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق بینظیر بھٹو شہید کا نام ہمیشہ جرات، عزم اور خدمتِ خلق کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔