نئے سال میں امن، ترقی اور گڈ گورننس کے عزم کا اعادہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت امن و امان، شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے عوامی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کو حکومتی ترجیحات قرار دیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے سال کے آغاز پر صوبے کے عوام اور پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سالِ نو بلوچستان میں امن، ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیا سال خود احتسابی، قومی یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کی فلاح و بہبود، نوجوانوں کے روشن مستقبل، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ سال صوبے کو درپیش چیلنجز کے باوجود بلوچستان نے ترقی کے کئی اہم سنگ میل عبور کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے سال میں حکومت امن و امان کے استحکام، گڈ گورننس اور شفافیت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور صوبے کے قدرتی وسائل اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔
آخر میں وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ نیا سال ملک و قوم کے لیے سلامتی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو اور اللہ تعالیٰ پاکستان اور بلوچستان کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن رکھے۔