وزیراعلیٰ بلوچستان کا سپنی روڈ پر نئے ٹراما سینٹر کا دورہ
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سپنی روڈ پر نئے ٹراما سینٹر کا جائزہ لیا جہاں انہیں تعمیراتی پیش رفت، جدید طبی سہولیات اور افتتاح کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو عوامی فلاح کا اہم قدم قرار دیتے ہوئے اسے جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سپنی روڈ پر تعمیر ہونے والے نئے ٹراما سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو لال جان جعفر اور سی اینڈ ڈبلیو ٹیم کے دیگر افسران بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے بھی شرکت کی اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
حکام نے وزیراعلیٰ کو ٹراما سینٹر کی تعمیراتی صورتحال، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور آغازِ کار کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کو عوام کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ایمرجنسی خدمات کی فراہمی صوبے کے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹراما سینٹر کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ عوام اس کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ نیا ٹراما سینٹر جدید ایمرجنسی سہولیات، معیاری انفراسٹرکچر اور جدید طبی آلات سے لیس ہوگا، جو صوبے میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید کہا گیا کہ ٹراما سینٹر کے فعال ہونے سے حادثات اور ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی امداد مل سکے گی۔