گورنر بلوچستان کی نئے سال 2026 پر قوم کو مبارکباد، 2025 کی نمایاں کامیابیوں کا زکر
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے نئے سال 2026 کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیا سال امید، خود احتسابی اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا موقع ہے۔ انہوں نے سال 2025 کو اپنے تقریباً 40 سالہ سیاسی کیریئر کا سب سے مؤثر سال قرار دیا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری، بین الاقوامی روابط اور سرکاری دوروں کو اہم کامیابیاں بتایا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے نئے سال 2026 کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال محض ایک نئے سفر کا آغاز نہیں بلکہ اپنے مستقبل کو سنوارنے اور نئی امیدوں کے ساتھ آگے بڑھنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنے تقریباً 40 سالہ سیاسی کیریئر پر نظر ڈالتے ہیں تو سال 2025 میڈیا کوریج اور مثبت تشہیر کے اعتبار سے ان کے لیے سب سے زیادہ مؤثر اور یادگار سال رہا۔ گورنر بلوچستان نے بتایا کہ مختلف ممالک کے سفیروں اور بین الاقوامی وفود سے ملاقاتیں، نیز روس اور چین کے سرکاری دورے ان کی زندگی کی سنہری یادوں میں شامل ہیں۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ ان کی قابل فخر کامیابیوں میں سے ایک صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو بحران کی کیفیت سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی کاوشوں، سخت نگرانی اور دانشمندانہ فیصلوں کے نتیجے میں صوبے کی سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور اسکورنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاشی ترقی، امن و سلامتی کے قیام اور شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور بلا امتیاز تمام عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں عوام کی خدمت اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے مزید توفیق عطا فرمائے۔