گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان کی بلوچستان آمد
سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بلوچستان پہنچ گئے، جہاں دالبندین ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی، علاقائی عمائدین اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ آمد کو پاک–سعودی تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بلوچستان پہنچ گئے۔ دالبندین ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالی تقریب میں رکن بلوچستان اسمبلی زابد علی ریکی، علاقائی عمائدین اور ضلعی و انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے گورنر تبوک اور ان کے وفد کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میر شعیب نوشیروانی کا کہنا تھا کہ تبوک اور بلوچستان کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ مراسم کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر تبوک کی آمد سے بلوچستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ بلوچستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور مستقبل میں ان روابط کو مختلف شعبوں میں فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ معزز مہمان کی آمد کو دونوں خطوں کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔