مستونگ میں ایف سی 78 ونگ کی تاریخی کارروائیاں، منشیات و مضرِ صحت اشیاء کے خلاف بڑی کامیابی
مستونگ میں ایف سی 78 ونگ نے مربوط اور مؤثر کارروائیوں کے دوران منشیات اور مضرِ صحت اشیاء کے ایک بڑے غیر قانونی نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 12 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی سگریٹس، چالیاں، گٹکا اور نسوار برآمد کر کے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے نذرِ آتش تلف کر دیا گیا۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
مستونگ: منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر ایف سی 78 ونگ نے تاریخی اور کامیاب کارروائیاں انجام دیں۔ ان کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اور صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ اشیاء برآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 12 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارروائیوں میں 4 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی سگریٹس، 6 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی چالیاں جبکہ 1 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا گٹکا اور نسوار برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والی تمام منشیات اور مضرِ صحت اشیاء کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد نذرِ آتش تلف کر دیا گیا۔
ایف سی 78 ونگ کی ان مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں منشیات اور مضرِ صحت اشیاء کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایف سی مستونگ 78 ونگ کے مطابق تمام کارروائیاں اعلیٰ حکام کی واضح ہدایات پر عمل میں لائی گئیں اور مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔