تربت میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد
تربت میں سیکیورٹی فورسز اور کسٹمز حکام نے مشترکہ کارروائی کے دوران مشتبہ گاڑی سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
رپورٹ : سیدہ نتاشا
تربت میں سیکیورٹی فورسز اور کسٹمز حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایک مشتبہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں 400 پستول اور 340 میگزین برآمد کیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مشتبہ شخص کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا، جبکہ برآمد ہونے والا اسلحہ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق اسلحہ اسمگلنگ کی اس کوشش سے علاقے میں ممکنہ بڑے نقصان کو روکا گیا۔
گرفتار ملزم اور برآمد شدہ اسلحے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔