برازیلیا میں برازیلین کوآپریشن ایجنسی سے پاکستانی وفد کی اہم ملاقات
سابق صوبائی وزیرِ خزانہ ظہور بلیدی کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے برازیلین کوآپریشن ایجنسی کی سربراہ مسز اینڈریا ریگویرا سے ملاقات کی، جہاں دو ہفتوں کے نالج ایکسچینج مشن کے نتائج، مستقبل کے تعاون اور بلوچستان کی ترقی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی
رپورٹ: سیدہ نتاشا
بلوچستان سے پاکستانی وفد سابق صوبائی وزیرِ خزانہ و منصوبہ بندی ظہور بلیدی کی سربراہی میں برازیلیا، برازیل پہنچا، جہاں برازیلین کوآپریشن ایجنسی (ABC) کی سربراہ مسز اینڈریا ریگویرا اور اُن کی ٹیم کے ساتھ ایک اہم ملاقات اور مشاورت کا سلسلہ ہوا۔
ملاقات میں دو ہفتوں پر مشتمل نالج ایکسچینج مشن کے کلیدی نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفد نے برازیل میں مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والے تجربات اور جدید ماڈلز کو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ظہور بلیدی نے مشن کے دوران سامنے آنے والی سفارشات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ برازیلی ترقیاتی ماڈلز سماجی و معاشی بہتری میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تکنیکی تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے بلوچستان کے ترقیاتی اہداف تیزی سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
برازیلین کوآپریشن ایجنسی کی سربراہ مسز اینڈریا ریگویرا نے پاکستان خصوصاً بلوچستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ برازیل مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ تکنیکی تعاون، اشتراکِ عمل اور تجربات کے مسلسل تبادلے سے دونوں ممالک اپنے ترقیاتی اہداف کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔