سرکاری املاک کی چوری میں ملوث افراد کے لیے کوئٹہ پولیس کی سخت وارننگ، 48 گھنٹے کی مہلت
کوئٹہ پولیس نے دہشت گرد حملے کے دوران سرکاری تحویل میں موجود گاڑیوں اور دیگر املاک کی چوری میں ملوث افراد کو سخت وارننگ دیتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر سامان واپس کرنے کی مہلت دے دی ہے۔ پولیس کے مطابق مقررہ وقت کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
رپورٹ: سیدہ نتاشا
کوئٹہ پولیس نے سرکاری املاک کی چوری میں ملوث افراد کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کی مہلت دے دی ہے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے شہری ہمیشہ سے غیور، مہمان نواز اور پُرامن رہے ہیں، تاہم حالیہ دہشت گرد حملے کے دوران بعض عناصر کے طرزِ عمل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
ترجمان کوئٹہ پولیس کے مطابق جب پولیس اہلکار دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں مصروف تھے، اس دوران بعض شرپسند عناصر نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری تحویل میں موجود موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے چوری کر لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ قانون کی نظر میں دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔
کوئٹہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ چوری شدہ سرکاری املاک کی بازیابی کے لیے جلد ایک باقاعدہ آپریشن لانچ کیا جائے گا، جس کے دوران جس شخص کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد ہوا، اسے دہشت گردوں کا سہولت کار تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
تاہم پولیس نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے افراد کو، جنہوں نے جذبات میں آ کر سرکاری املاک اپنے قبضے میں لے لیں، 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے کہ وہ موٹر سائیکلیں، گاڑیاں، رکشے یا دیگر سرکاری سامان متعلقہ تھانوں میں واپس جمع کرا دیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر سامان واپس کرنے والوں سے کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق 48 گھنٹے گزرنے کے بعد اگر کسی کے قبضے سے چوری شدہ سرکاری املاک برآمد ہوئیں تو اس کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔