سائنس

مصنوعی ذہانت سے پیسے کمانا ہوا مزید آسان

مصنوعی ذہانت سے پیسے کمانا ہوا مزید آسان

مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عام صارفین کے لیے آن لائن آمدن کے نئے امکانات پیدا کر دیے ہیں۔ معروف مالیاتی پلیٹ فارم انویسٹوپیڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق، اب وہ افراد بھی ChatGPT سے آمدن حاصل کر سکتے ہیں جن کے پاس کسی قسم کی تکنیکی مہارت موجود نہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے کنٹینٹ رائٹنگ، سوشل میڈیا مینجمنٹ، آن لائن ٹیوشن، ترجمہ، ڈیجیٹل پراڈکٹس کی تیاری، ورچوئل اسسٹنٹ سروسز، ریزیومے اور کور لیٹر لکھنے جیسے کئی شعبوں میں کام کو نہ صرف آسان بنایا ہے بلکہ انہیں آمدن کے قابل بنا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سہولت پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک مؤثر روزگار متبادل بن سکتی ہے۔ پاکستان میں پہلے ہی ہزاروں نوجوان مختلف فری لانسنگ پلیٹ فارمز پر کام کر رہے ہیں، اور چیٹ جی پی ٹی کے استعمال سے وہ نہ صرف اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ کم وقت میں زیادہ کام بھی انجام دے سکتے ہیں۔ بلاگز، ویب سائٹس، سوشل میڈیا پوسٹس، اشتہارات اور آن لائن بزنس کے لیے مطلوبہ مواد اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے تیار کیا جا سکتا ہے اور  ڈیجیٹل مصنوعات جیسے ای بکس، اسٹڈی گائیڈز، نوٹ شیٹس اور آن لائن کورسز کو چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے آسانی سے تیار کر کے فروخت کیا جا رہا ہے۔ یہ سہولت طلبہ، اساتذہ، گھریلو خواتین اور جزوقتی فری لانسرز کے لیے خصوصی طور پر فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔انویسٹوپیڈیا  (Investopedia) کے مطابق ہر سال دنیا بھر سے 10 ہزار سے زائد افراد آن لائن بزنس اور ڈیجیٹل کمائی کے نئے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں، اور مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی نے اس عمل کو مزید سہل بنا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کے نوجوان اس ٹیکنالوجی کو درست اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کریں تو ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے نمٹنے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔

مرگی کے دوروں کی فوری نشاندہی کرنے والی نئی ٹیکنالوجی متعارف

مرگی کے دوروں کی فوری نشاندہی کرنے والی نئی ٹیکنالوجی متعارف

پرتگال کی کمپنی لیمپسی ہیلتھ  نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے مرگی کے دوروں کو حقیقی وقت میں شناخت کرنے کی صلاحیت رکھنے والا جدید لیمپ متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ آلہ نہ صرف مریضوں کی جانیں بچانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے بلکہ ان اور ان کے گھر والوں پر جذباتی دباؤ بھی کم کرتا ہے، خاص طور پر وہ بچے جو والدین کے ساتھ سونے پر مجبور ہوتے ہیں۔ یہ لیمپ بغیر کسی جسمانی رابطے کے صرف تصاویر کے ذریعے مریض کی حالت کا جائزہ لیتا ہے اور کوئی بھی ڈیٹا محفوظ یا شیئر نہیں کرتا، جس سے مکمل رازداری برقرار رہتی ہے۔ اس آلے کی درستگی 99 فیصد بتائی جا رہی ہے جبکہ غلط الارم کی شرح دیگر طریقوں کے مقابلے میں 18 گنا کم ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 50 لاکھ افراد مرگی سے متاثر ہیں اور رات کے وقت ہونے والے دورے اکثر شناخت نہیں ہو پاتے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی 2026 میں یورپ بھر میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور ماہرین کے مطابق یہ مرگی کے مریضوں کی نگرانی کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی لائے گی۔

خانۂ کعبہ خلا سے جگمگاتا ہوا، ناسا کے خلا باز کی تصویر وائرل

خانۂ کعبہ خلا سے جگمگاتا ہوا، ناسا کے خلا باز کی تصویر وائرل

انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے لی گئی خانۂ کعبہ کی ایک دلکش تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں خانۂ کعبہ روشن مرکز کی طرح نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ یہ تصویر ناسا کے تجربہ کار خلا باز ڈونلڈ پیٹٹ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ "مکہ کا مداری نظارہ… درمیان میں روشن مقام خانۂ کعبہ ہے، اسلام کا مقدس ترین مقام جو خلا سے بھی واضح نظر آتا ہے۔" تصویر سامنے آتے ہی لاکھوں صارفین نے اسے دیکھ کر خانۂ کعبہ کی روح پرور چمک کو سراہا۔ ڈونلڈ پیٹٹ 1996 سے ناسا کے ساتھ منسلک ہیں اور اب تک چار خلائی مشنز مکمل کر چکے ہیں، جن میں 590 دن خلا میں گزارنے اور 13 گھنٹے اسپیس واک بھی شامل ہیں۔ حالیہ تصویر ان کی مسلسل جاری خلائی فوٹوگرافی کا حصہ ہے، جو دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ماہرین کا انتباہ: زیادہ تر اے آئی کمپنیاں خطرات سے نمٹنے میں ناکام

ماہرین کا انتباہ: زیادہ تر اے آئی کمپنیاں خطرات سے نمٹنے میں ناکام

ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر مصنوعی ذہانت (AI) کمپنیاں اپنی ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات کو قابو کرنے میں ناکام ہیں۔ غیر منافع بخش ادارے Future of Life Institute  کے ماہرین نے بتایا کہ صفِ اول کی آٹھ بڑی AI کمپنیاں مضبوط حفاظتی اقدامات، آزاد نگرانی اور طویل مدتی خطرات کے انتظام کے لیے مناسب منصوبہ بندی نہیں کرتیں۔ تحقیق میں امریکی کمپنیاں جیسے Anthropic، OpenAI اور Google DeepMind  سب سے بہتر اسکور کرنے والی کمپنیاں رہیں، جبکہ چینی کمپنیاں جیسے Alibaba Cloud اور DeepSeek سب سے کم اسکور میں رہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹیسٹ میں کوئی بھی کمپنی D گریڈ سے اوپر اسکور نہیں کر سکی۔ اس میں Alibaba Cloud، DeepSeek، Meta، XAI اور ZAI  نے F گریڈ  حاصل کیا، یعنی ان کمپنیوں میں حفاظتی معیار بہت کمزور ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ AI کی ترقی کے ساتھ حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہیں، اور موجودہ کمپنیوں کو اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

یوٹیوب ری کیپ 2025 کے ذریعے دیکھیں اپنی سالانہ واچ ہسٹری

یوٹیوب ری کیپ 2025 کے ذریعے دیکھیں اپنی سالانہ واچ ہسٹری

یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لیے یوٹیوب ری کیپ 2025 متعارف کروا دیا ہے، جس کے ذریعے ہر صارف سال بھر میں دیکھی جانے والی ویڈیوز، چینلز اور موضوعات کا خلاصہ آسانی سے دیکھ سکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارف نہ صرف اپنی دلچسپیوں کو جان سکتا ہے بلکہ یہ بھی معلوم کر سکتا ہے کہ وہ کس نوعیت کے ویور ہیں، جیسے ایڈونچرر، کریئیٹو اسپرٹ یا ڈریمر۔ یوٹیوب ری کیپ پہلے شمالی امریکا میں فعال تھا اور اب یہ دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہ فیچر زیادہ سے زیادہ 12 کارڈز پر مشتمل ہوتا ہے، جن میں سب سے زیادہ دیکھے گئے چینلز، بار بار دیکھی جانے والی ویڈیوز، دیکھنے کے رحجانات اور صارف کی شخصیت کی جھلک شامل ہوتی ہے۔ یوٹیوب کے مطابق یہ فیچر صارفین کی رائے اور فیڈبیک کی بنیاد پر تیار کیا گیا، جس کے لیے نو مختلف مرحلوں میں فیڈبیک جمع کیا گیا، اور اس عمل سے مختلف ناظرین کی شخصیات سامنے آئیں، جن میں ایڈونچرر، اسکل بلڈر، کریئیٹو اسپرٹ، سن شائنر، ونڈر سیکر اور کنیکٹر شامل ہیں، جبکہ فلاسفر اور ڈریمر جیسے پروفائل نسبتاً کم پائے گئے۔ اپنا یوٹیوب ری کیپ 2025 کیسے دیکھیں: صارفین آسانی سے اپنا سالانہ یوٹیوب ری کیپ دیکھ سکتے ہیں اور یہ جان سکتے ہیں کہ 2025 میں انہوں نے سب سے زیادہ کیا دیکھا۔ اس کے لیے درج ذیل طریقہ استعمال کریں: 1. یوٹیوب ایپ یا ویب سائٹ کھولیں: اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر یوٹیوب ایپ یا [youtube.com](https://www.youtube.com) کھولیں۔ 2. اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں: وہی گوگل اکاؤنٹ استعمال کریں جس سے آپ نے سال بھر ویڈیوز دیکھی ہیں۔ 3. YouTube Recap 2025 کا لنک تلاش کریں: یوٹیوب ہوم پیج یا What’s Trending سیکشن میں Your 2025 Recap کا بینر دیکھیں۔ یا [youtube.com/recap](https://www.youtube.com/recap) پر براہِ راست جائیں۔ 4. اپنا سالانہ خلاصہ دیکھیں: یوٹیوب ری کیپ آپ کے لیے 1 کارڈز دکھائے گا، جن میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز، چینلز، دیکھنے کے رحجانات اور آپ کی ویور شخصیت شامل ہوگی۔ 5. یوٹیوب میوزک ری کیپ دیکھنا: موسیقی کے شوقین صارفین یوٹیوب میوزک ایپ میں جا کر الگ Music Recap 2025 سیکشن دیکھ سکتے ہیں، جہاں وہ اپنی پسندیدہ موسیقی اور پوڈکاسٹس کا سالانہ جائزہ لے سکتے ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین آسانی سے یہ جان سکتے ہیں کہ 2025 میں انہوں نے سب سے زیادہ کیا دیکھا اور کس نوعیت کے ویور ہیں، ساتھ ہی ان کے سال بھر کے دیکھنے کے رحجانات اور پسندیدہ تخلیق کاروں کا جائزہ بھی فراہم کرتا ہے۔

چرنوبل کے خطرناک علاقے میں نیا جاندار دریافت ، تابکاری کو غذا بنانے کی حیران کن صلاحیت

چرنوبل کے خطرناک علاقے میں نیا جاندار دریافت ، تابکاری کو غذا بنانے کی حیران کن صلاحیت

تقریباً 40 سال قبل ہونے والے چرنوبل نیوکلیئر حادثے کے بعد یہ علاقہ آج بھی شدید تابکاری کی وجہ سے انسانوں کے لیے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے، لیکن سائنس دانوں نے یہاں ایک ایسے جاندار کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے جو تابکاری میں نہ صرف زندہ ہے بلکہ تیزی سے بڑھ بھی رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک فنگس ہے جو دنیا کی سب سے زیادہ تابکاری والے مقام، یعنی چرنوبل ری ایکٹر کی عمارت کے اندر پائی گئی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جہاں تابکاری انسانوں اور جانوروں میں موت، کینسر اور خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہے، وہیں یہ فنگس تابکاری کو اپنی غذا کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فنگس میں موجود کالا پگمنٹ میلانِن تابکاری کو جذب کرکے اسے توانائی میں بدل دیتا ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے پودے سورج کی روشنی سے غذا بناتے ہیں، یہ فنگس تابکاری کی شعاعوں سے اپنی توانائی حاصل کرتی ہے، اور اس عمل کو ریڈیو سنتھیسز کہا جاتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت نہ صرف حیران کن ہے بلکہ مستقبل میں ریڈی ایشن برداشت کرنے والی ٹیکنالوجی، ادویات اور اسپیس ریسرچ کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کا نفاذ

آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کا نفاذ

آسٹریلیا نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگا کر دنیا کا پہلا ملک بننے کی تیاری کرلی ہے۔ اس پابندی کے تحت انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سمیت 10 بڑے پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے ایک ملین سے زائد اکاؤنٹس بند کیے جائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اگر کوئی پلیٹ فارم اس قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے 33 ملین امریکی ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ والدین اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس اقدام کو سراہا ہے، جبکہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور آزادی اظہار کے حامیوں نے تنقید کی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے اثرات کو سٹینفورڈ یونیورسٹی اور دیگر 11 ماہرین کی مدد سے دو سال تک جائزہ لیا جائے گا۔ ابتدا میں 10 پلیٹ فارمز شامل ہیں، تاہم فہرست مستقبل میں حالات کے مطابق بدلی جا سکتی ہے۔ کم عمر صارفین کی تصدیق شناختی دستاویزات، بینک اکاؤنٹس یا عمر کا اندازہ لگانے والی ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔ البتہ ایلون مسک کے پلیٹ فارم X نے اس پالیسی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انٹرنیٹ تک رسائی کنٹرول کرنے کا طریقہ ہے۔ دنیا بھر کی حکومتیں آسٹریلیا کے اس فیصلے کو غور سے دیکھ رہی ہیں اور اسے بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے ایک ممکنہ عالمی ماڈل سمجھا جا رہا ہے۔

پاکستان میں 2025 کے گوگل سرچ رجحانات , کرکٹ اور مصنوعی ذہانت سرفہرست

پاکستان میں 2025 کے گوگل سرچ رجحانات , کرکٹ اور مصنوعی ذہانت سرفہرست

گوگل نے 2025 کے دوران پاکستان میں گوگل سرچ کے رجحانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین نے سب سے زیادہ کرکٹ سے متعلق موضوعات تلاش کیے، جس میں کرکٹ ٹورنامنٹس اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی معلومات سب سے زیادہ دیکھی گئیں۔ پاکستانی شائقین نے خاص طور پر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں جیسے ابھیشیک شرما، حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان، محمد عباس اور صائم ایوب کو گوگل پر تلاش اور فالو کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ صارفین نے اے آئی (مصنوعی ذہانت) ٹولز میں بڑھتی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام ٹیکنالوجی اور جدید آلات کے بارے میں جاننے کے لیے گوگل پر فعال ہیں۔ گوگل کی اس رپورٹ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کرکٹ پاکستان میں اب بھی سب سے زیادہ مقبول کھیل ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے موضوعات میں بھی عوام کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 اسپیس ایکس نے مزید 28 اسٹار لنک سیٹلائٹس خلا میں بھیج دیے

 اسپیس ایکس نے مزید 28 اسٹار لنک سیٹلائٹس خلا میں بھیج دیے

اسپیس ایکس نے اپنی انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک کے لیے مزید 28 سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کردیئے۔ یہ لانچ فالکن 9 راکٹ کے ذریعے کیلی فورنیا کے وینڈن برگ اسپیس فورس بیس سے مقامی وقت کے مطابق صبح 9:58 بجے کیا گیا۔ راکٹ کا پہلا حصہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد بحرالکاہل میں موجود تیرتے پلیٹ فارم پر باحفاظت اُتر گیا۔ کمپنی کے مطابق یہ بوسٹر اپنی 12ویں پرواز کر رہا تھا، جو اس سے پہلے کئی اہم مشنز میں استعمال ہو چکا ہے۔ لانچ کے دوران قریبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تیز آوازیں سنائی دے سکتی تھیں، جو موسم کی صورتحال پر منحصر تھیں۔

 واٹس ایپ نے دو نئے فیچرز بیٹا ورژن میں متعارف کرا دیے

 واٹس ایپ نے دو نئے فیچرز بیٹا ورژن میں متعارف کرا دیے

واٹس ایپ نے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے دو اہم فیچرز بیٹا ورژن میں متعارف کرا دیے ہیں جن کی آزمائش اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر جاری ہے، اور توقع ہے کہ جلد یہ عام صارفین کو بھی دستیاب ہوں گے۔ پہلے فیچر کے تحت اسٹیٹس اپ ڈیٹس میں اے آئی ایڈیٹنگ ٹولز شامل کیے جا رہے ہیں، جن کی مدد سے صارفین تصاویر میں تبدیلیاں کرنے، نئی چیزیں شامل کرنے، پس منظر ہٹانے اور تصاویر کو انیمیٹ کرنے جیسے جدید آپشنز استعمال کر سکیں گے۔ دوسرا فیچر گروپ چیٹس کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے نئے ممبرز گروپ میں شامل ہونے سے 24 گھنٹے پہلے تک کے ایک ہزار پیغامات دیکھ سکیں گے، یوں گروپ ایڈمنز کو پرانی چیٹ دوبارہ بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ آپشن گروپ پرمیشن اسکرین میں فراہم کیا جائے گا۔

ٹوائلٹ کیمرے کے ڈیٹا پر سوالات: کمپنی پر صارفین کا اعتماد ہلنے لگا

ٹوائلٹ کیمرے کے ڈیٹا پر سوالات: کمپنی پر صارفین کا اعتماد ہلنے لگا

امریکی کمپنی کولر  نے کچھ عرصہ پہلے ایک عجیب سا اسمارٹ کیمرہ  ڈیکوڈا  لانچ کیا تھا۔ یہ کیمرہ ٹوائلٹ کی دیوار پر لگایا جاتا ہے اور ٹوائلٹ میں موجود فضلے کی تصویر لے کر بتاتا ہے کہ آپ کی آنتوں کی صحت کیسی ہے۔ کولر کا کہنا تھا کہ کیمرہ صرف ٹوائلٹ کے اندر دیکھتا ہے اور سارا ڈیٹا  اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ  ہوتا ہے، یعنی کوئی اور اسے نہیں دیکھ سکتا۔ لیکن سیکیورٹی ماہر  سائمن فونڈری ٹیٹلر  نے بتایا کہ کمپنی کا دعویٰ درست نہیں ہے۔ ان کے مطابق کولر اصل میں  TLS انکرپشن  استعمال کر رہا ہے، جو صرف انٹرنیٹ پر ڈیٹا بھیجتے وقت محفوظ رکھتی ہے۔بالکل ویسے جیسے HTTPS ویب سائٹس ہوتی ہیں۔ جبکہ اصل  اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن وہ ہوتی ہے جس میں ڈیٹا صرف بھیجنے والے اور لینے والے تک محدود رہتا ہے، جیسے واٹس ایپ یا سگنل میں ہوتا ہے۔ ماہر نے کہا کہ اس غلط اصطلاح سے لوگ دھوکے میں رہ سکتے ہیں، خاص طور پر جب بات ٹوائلٹ کیمرے جیسی حساس چیز کی ہو، اور صارفین سوچیں کہ کمپنی ان کی تصاویر نہیں دیکھ سکتی۔ کولر کی اپنی پرائیویسی پالیسی بھی بتاتی ہے کہ ڈیٹا جب ان کے سرور پر جاتا ہے تو وہاں ڈی کرپٹ  یعنی کھولا جاتا ہے اور سروس چلانے کے لیے پراسیس کیا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کمپنی کے پاس ڈیٹا تک رسائی موجود ہے۔ ریسرچر نے خدشہ ظاہر کیا کہ کمپنی اس ڈیٹا کو اپنے  اے آئی سسٹمز  کو ٹرین کرنے کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔ کولر کا کہنا ہے کہ وہ صرف غیر شناخت شدہ ڈیٹا  استعمال کرتے ہیں، یعنی ایسا ڈیٹا جس سے صارف کی پہچان نہ ہو سکے۔ یہ کیمرہ  599 ڈالر  میں فروخت ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ کم از کم 6.99 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن  بھی ضروری ہے۔

روس میں اسنیپ چیٹ اور ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس پر پابندی

روس میں اسنیپ چیٹ اور ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس پر پابندی

ماسکو: روس نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اسنیپ چیٹ اور ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس FaceTime کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ بعض گروہ اسنیپ چیٹ کی خفیہ چیٹس اور غائب ہونے والے پیغامات کا استعمال مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کے لیے کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق ان خطرات کے پیشِ نظر ملک میں اسنیپ چیٹ کو مکمل طور پر بلاک کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس FaceTime پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ’’غیر منظور شدہ‘‘ بیرونی مواصلاتی ذرائع ملک کے سیکیورٹی نگرانی سسٹمز سے ہم آہنگ نہیں ہیں، اسی وجہ سے ان خدمات کو بند کرنا ضروری سمجھا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل روس گوگل، یوٹیوب، میٹا کی مختلف سروسز، واٹس ایپ اور ٹیلیگرام سمیت متعدد عالمی پلیٹ فارمز پر بھی پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

پاکستان میں پہلا نجی شعبہ ڈرون ٹیک ایکسپو، جدید بغیر پائلٹ طیارے ٹیکنالوجی کی نمائش

پاکستان میں پہلا نجی شعبہ ڈرون ٹیک ایکسپو، جدید بغیر پائلٹ طیارے ٹیکنالوجی کی نمائش

پاکستان میں پہلا نجی شعبہ ڈرون ٹیک ایکسپو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) میں جدید بغیر پائلٹ طیاروں (Drones) کی جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کی گئی۔ اس ایکسپو کا انعقاد NUST اور ڈرون ٹیک ایکس کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں یو اے ایس (UAS) اور کاؤنٹر یو اے ایس ٹیکنالوجی پر خصوصی سیمینار بھی منعقد ہوئے۔ سیمینار کے دوران بغیر پائلٹ طیارے اور متعلقہ سسٹمز کی ڈیزائننگ، تیاری اور معاونت میں ملکی مہارت کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ یہ سیمینار وزارتِ دفاعی پیداوار اور DEPO کے تعاون سے 3 اور 4 دسمبر کو اسلام آباد کے NUST کیمپس میں ہوا، جس میں 50 سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیا۔ افتتاحی تقریب میں تعلیمی اداروں، نجی شعبے اور صنعت کے نمائندگان شریک ہوئے، جس سے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان مضبوط رابطے قائم کرنے کا موقع ملا۔ ماہرین نے کہا کہ اس قسم کے سیمینار اور ایکسپو ملک میں ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون کو بھی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ٹک ٹاک نے نیا نیئر بائی فیڈ فیچر متعارف کرا دیا

ٹک ٹاک نے نیا نیئر بائی فیڈ  فیچر متعارف کرا دیا

ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر نیئر بائی فیڈ   متعارف کرا دیا ہے، جس کی مدد سے لوگ اپنے اردگرد کے مقامات، سرگرمیوں اور مقامی مواد تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے علاقے کی نئی جگہوں کی دریافت اور مقامی تخلیق کاروں کے مواد کو بہتر انداز میں دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ فیچر پہلی مرحلے میں  برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی  میں جاری کیا گیا ہے۔ اس کی آزمائش سب سے پہلے 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں کی گئی تھی، جسے کچھ وقت بعد روک دیا گیا تھا، تاہم اب اس فیچر کو دوبارہ چند ممالک میں متعارف کر دیا گیا ہے۔ ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ویڈیوز ان کی لوکیشن، ویڈیو کے موضوع اور اپ لوڈ ٹائم کی بنیاد پر دکھائی جائیں گی۔ اس میں سیاحت، ایونٹس، کھانوں اور مقامی سرگرمیوں سے متعلق ویڈیوز شامل ہوں گی۔ یہ فیچر ویڈیوز پوسٹ کرنے والے تخلیق کاروں کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے شہر یا علاقے کے زیادہ لوگوں تک رسائی حاصل کر پائیں گے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ لوکیشن شیئر کرنا لازمی نہیں ہوگا، اور یہ آپشن صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر  کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ اگر کوئی صارف اپنی لوکیشن آن کرے گا تو ٹک ٹاک GPS کی مدد سے مقامی مواد دکھائے گا۔ کم عمر صارفین یعنی 18 سال سے کم عمر کے اکاؤنٹس کی ویڈیوز نیئر بائی فیڈ میں شامل نہیں کی جائیں گی۔ اسی طرح پرائیویٹ، فرینڈز یا ’اونلی یو‘ پر سیٹ اکاؤنٹس کا مواد بھی اس فیڈ میں نظر نہیں آئے گا۔ اگر کوئی صارف کسی دوسرے شہر کے مقامی ویڈیوز دیکھنا چاہے تو وہ لوکیشن نیم  کے ذریعے اپنی لوکیشن تبدیل کر سکے گا۔

مستقبل میں سمارٹ گلاسز: AI کے فضول مواد سے بچاؤ کا حل

مستقبل میں سمارٹ گلاسز: AI کے فضول مواد سے بچاؤ کا حل

2020 کی دہائی کے آخر تک، دنیا  AI slop  یعنی مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار شدہ غیر ضروری اور بور کرنے والے مواد سے بھر گئی تھی۔ اس میں تصاویر، ویڈیوز، موسیقی، ای میلز، اشتہارات، تقریریں اور ٹی وی شوز شامل تھے، جو بعض اوقات تفریح فراہم کرتے تھے لیکن اکثر  دماغ تھکانے والے اور گمراہ کن  ثابت ہوتے تھے۔ یہاں تک کہ لوگوں کے ساتھ بات چیت بھی مشکوک ہو گئی تھی، کیونکہ یہ معلوم نہیں ہوتا تھا کہ سامنے والا شخص واقعی انسان ہے یا AI نے بنایا ہے۔ اس مسئلے کا حل سمارٹ گلاسز (Smart Glasses)  کی شکل میں دریافت کیا گیا، جو صارف کو صرف  اصل اور مفید معلومات  دکھاتے ہیں اور غیر ضروری AI مواد کو فلٹر کر دیتے ہیں۔ یہ اختراع مستقبل کے ڈیجیٹل تجربات کو زیادہ  معنی خیز، محفوظ اور قابل اعتماد  بنانے میں مدد دے گی۔ سمارٹ گلاسز کی مدد سے، لوگ اب AI کے فضول مواد سے بچ کر  صرف وہی معلومات دیکھ سکیں گے جو واقعی ضروری اور فائدہ مند ہیں، اور اپنی آنکھوں اور دماغ کو غیر ضروری معلومات کے شور سے محفوظ رکھ سکیں گے۔

پاکستان میں مجاز وی-پی-این(VPN) سروسز: اب قانونی اور محفوظ

پاکستان میں مجاز وی-پی-این(VPN) سروسز: اب قانونی اور محفوظ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اب وی-پی-این فراہم کرنے والی کمپنیوں کی لائسنسنگ کا باقاعدہ عمل شروع کردیا ہے۔ اب ان کمپنیوں کو نئے اور واضح قواعد کے تحت لائسنس حاصل کرنا ہوگا، تاکہ صارفین کو قانونی، محفوظ اور بااعتماد VPN سروس فراہم کی جاسکے۔ اس قدم کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں غیر رجسٹرڈ اور آزاد VPNs ،جن کے ذریعے عوامی ڈیٹا چوری، ہیکنگ یا غیر ملکی نگرانی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ان کے استعمال کو محدود کیا جائے اور ڈیٹا سیکیورٹی کو ممکن بنایا جائے۔ پی ٹی اے کی جانب سے لطفاً نوٹس دیا گیا ہے کہ اب صارفین اپنی IP ایڈریس یا موبائل نمبر کی الگ رجسٹریشن کے لیے الگ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس کسی لائسنس یافتہ VPN فراہم کنندہ سے براہِ راست سروس حاصل کریں، اور آپ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی آن لائن رازداری برقرار رکھ سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محفوظ ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو حقیقت کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ ایسا ماحول جہاں صارفین نہ صرف آزادانہ انٹرنیٹ استعمال کرسکیں، بلکہ ان کی معلومات اور رابطے مکمل تحفظ کے ساتھ ہوں۔

چینی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک نے ریاضی میں ماہر اے آئی ماڈل متعارف کرادیا

چینی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک نے ریاضی میں ماہر اے آئی ماڈل متعارف کرادیا

چینی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک نے اپنا نیا اے آئی ماڈل Math-V2  عوام کے لیے متعارف کرایا ہے، جو بین الاقوامی میتھمیٹیکل اولمپیاڈ (IMO)  میں گولڈ میڈل جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ماڈل نے اپنی استدلالی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سال کے IMO کے گولڈ لیول کے اسکور تک پہنچنے کا کارنامہ انجام دیا ہے، جو انسانی شرکاء میں صرف تقریباً  8 فیصد ہی کر پاتے ہیں۔ ڈیپ سیک نے یہ ماڈل ڈویلپر پلیٹ فارمز جیسے Hugging Face اور GitHub  پر عوام کے لیے دستیاب کر دیا ہے، جہاں کوئی بھی اسے مفت استعمال کر سکتا ہے یا اس میں بہتری لا سکتا ہے۔ ہگنگ فیس کے شریک بانی اور سی ای او  کلیمنٹ ڈیلینگ کا کہنا تھا کہ یہ ایسا ہے جیسے دنیا کے بہترین ریاضی دانوں میں سے کسی ایک کے دماغ کو استعمال کیا جائے تاکہ تحقیق کی جا سکے اور یہ ماڈل اپنے ہارڈویئر پر چلایا جا سکے۔ یہ ماڈل تحقیق، تعلیم اور ریاضی کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے میں نئی راہیں کھولنے کا ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

شہاب ثاقب کا چاند سے ٹکرانے کا اندیشہ؟

شہاب ثاقب کا چاند سے ٹکرانے کا اندیشہ؟

شہابِ ثاقب 2024 YR4 کے بارے میں ناسا نے نئی معلومات جاری کی ہیں جن کے مطابق اس آسمانی پتھر کے چاند سے ٹکرانے کا امکان اس وقت 4 فیصد ہے، جو آنے والے مہینوں میں بڑھ سکتا ہے۔ یہ آسترائیڈ 2024 کے آخر میں پہلی بار نظر آیا تھا اور ابتدا میں خیال تھا کہ یہ زمین سے ٹکرا سکتا ہے، لیکن بعد کی تصاویر سے معلوم ہوا کہ زمین محفوظ ہے۔ اب سائنس دانوں کے مطابق اصل خطرہ چاند کو لاحق ہے، اور یہ ممکن ہے کہ 2032 میں یہ چاند سے ٹکرا جائے۔ اس کا سائز تقریباً 50 سے 100 میٹر ہے، جو ایک فٹبال میدان کے برابر بنتا ہے۔ اگر یہ تیز رفتار سے چاند سے ٹکرا گیا تو وہاں ایک بہت بڑا گڑھا بن جائے گا اور اس کے نتیجے میں اڑنے والے کروڑوں چھوٹے پتھر خلا میں پھیل کر زمین کے گرد گھومنے والے سیٹلائٹس سے ٹکرا سکتے ہیں، جس سے انٹرنیٹ، جی پی ایس اور فون سروسز متاثر ہو سکتی ہیں۔ فروری 2026 میں جیمس ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ اس آسترائیڈ کو دوبارہ دیکھے گی اور اسی سے معلوم ہوگا کہ ٹکرانے کا امکان بڑھ کر 30 فیصد تو نہیں ہو گیا۔ ناسا کا کہنا ہے کہ اگر خطرہ زیادہ ہوا تو وہ 2028 یا 2029 میں ایک چھوٹا خلائی مشن بھیج کر اس کا راستہ بدلنے کی کوشش کر سکتے ہیں، جیسا کہ وہ پہلے DART مشن کے ذریعے ایک آسترائیڈ کا راستہ تبدیل کر چکے ہیں۔

دماغ تک خون کے بہاؤ کی پیمائش کرنے والی اسمارٹ بالیاں متعارف

دماغ تک خون کے بہاؤ کی پیمائش کرنے والی اسمارٹ بالیاں متعارف

بوسٹن کی انجینئرنگ کمپنی لومیا نے ایسی جدید اسمارٹ بالیاں تیار کی ہیں جو دماغ تک خون کے بہاؤ کی درست پیمائش کر سکتی ہیں۔ زیورات اب صرف زیبائش کے لیے نہیں رہے، بلکہ صحت کی نگرانی کا ذریعہ بھی بنتے جا رہے ہیں، اور لومیا ٹو اسی رجحان کی تازہ مثال ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا سب سے چھوٹا ویئریبل ٹریکر ہے جس کی تیاری میں چھ سال لگے۔ عام اسمارٹ واچز اور ٹریکرز کلائی کی سطحی شریانوں کا ڈیٹا لیتے ہیں جس سے معلومات اتنی درست نہیں ہوتیں۔ لیکن لومیا ٹو بالیاں سر کے قریب موجود چھوٹی شریان میں خون کے بہاؤ کو مانیٹر کرتی ہیں، جس سے زیادہ قابل بھروسہ ڈیٹا حاصل ہوتا ہے۔ ان میں نصب انفراریڈ لائٹ سینسر بائیں کان کے قریب شریانی خون کی پیمائش کرتے ہیں، جو اسے دوسرے آلات سے منفرد بناتا ہے۔ دماغ میں خون کی کمی سے چکر آنا، تھکن، توجہ کی کمی اور توانائی میں کمی جیسے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔ خون کا بہاؤ کھانے، پانی، کافی، نیند اور ورزش جیسے عوامل سے بدلتا رہتا ہے۔ لومیا ٹو ان تبدیلیوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے تاکہ صارف اپنی صحت اور روزمرہ روٹین کو بہتر بنا سکے۔ یہ اسمارٹ بالیاں صرف خون کے بہاؤ کو نہیں دیکھتیں، بلکہ دل کی دھڑکن، نیند کا دورانیہ، جسمانی درجہ حرارت اور روزمرہ توانائی جیسے اہم اعداد و شمار بھی نوٹ کرتی ہیں۔ اس وجہ سے یہ ایک مکمل ہیلتھ مانیٹر بھی ہے۔ بالیاں پلاٹینم اور ٹائٹینیم سے بنی ہیں جس کی وجہ سے یہ جلد پر الرجی نہیں کرتیں، اور مستقبل میں انہیں مختلف خوبصورت ڈیزائنز میں پیش کیا جائے گا۔ ان کے پیچھے ایک اسمارٹ کور نصب ہے جس میں بیٹری، سینسر اور پروسیسر شامل ہیں، اور اسے کسی بھی بالی کے ساتھ لگایا جا سکتا ہے۔ مرد حضرات کے لیے ایئر کف کا آپشن بھی موجود ہے، تاکہ کان چھدوانے کی ضرورت نہ پڑے۔ یہ بالیاں اتنی ہلکی ہیں کہ وزن صرف ایک گرام ہے، جو ایئرپوڈ کے سائز کا پانچواں حصہ بنتا ہے۔ انہیں دن رات پہنا جا سکتا ہے، چاہے صارف سو رہا ہو، ورزش کر رہا ہو یا نہا رہا ہو۔ ان میں سوئیپ ایبل بیٹری استعمال کی گئی ہے جو آسانی سے نکالی اور بدلی جا سکتی ہے، جبکہ ایک بیٹری پانچ سے آٹھ دن تک کام کرتی ہے، جو عام ویئریبلز کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔

بلوچستان میں ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، عالمی اداروں کا ہنگامی اقدامات پر زور

بلوچستان میں ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، عالمی اداروں کا ہنگامی اقدامات پر زور

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یو این اے ایڈز نے بلوچستان میں ایچ آئی وی کیسز میں بڑھتی ہوئی شرح پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ برسوں کے دوران ایچ آئی وی انفیکشنز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو پورے خطے کے لیے ایک سنگین خطرے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق بلوچستان میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ صرف ہائی رسک گروپس تک محدود نہیں رہا بلکہ عام آبادی، بچوں اور خاندانوں تک بھی تیزی سے پہنچ رہا ہے۔ صوبے کے کئی علاقوں میں خون کی مناسب اسکریننگ، معیاری طبی سہولیات، تربیت یافتہ عملے کی کمی اور انجیکشنز کے غیر محفوظ استعمال نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او اور یو این اے ایڈز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ایچ آئی وی ٹیسٹنگ مراکز بڑھانے، تشخیص کے نظام کو مضبوط بنانے اور ادویات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کی فوری ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے علاقوں میں آگاہی مہمات کا آغاز بھی ناگزیر ہے جہاں صحت کی معلومات تک رسائی محدود ہے اور لوگ بیماری کے خطرات سے لاعلم ہیں۔ عالمی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بلوچستان میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے برسوں میں صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے، جو صوبے کے لیے ایک بڑا صحت عامہ کا بحران بن سکتی ہے۔