وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اٹھارویں بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل اور قوم کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں کبھی اندھا دھند طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، جبکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے منظم منفی بیانیوں سے گمراہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تعلیم، صحت اور حکمرانی میں اصلاحات، بند اسکولوں کی بحالی اور بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام سمیت مختلف ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کو پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور زرعی دباؤ جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ ان مسائل پر شواہد پر مبنی صحافت کے فروغ کے لیے بلوچستان اور سندھ کے ماحولیاتی صحافیوں کے لیے WRAP پروگرام کے تحت میڈیا ایکسپوژر وزٹ کا انعقاد کیا گیا۔ دورے کے دوران صحافیوں کو جدید آبپاشی ٹیکنالوجیز، زیرِ زمین پانی کے استعمال، اور توانائی کے بغیر چلنے والے ہائیڈرولک ریم پمپ جیسے حلوں کا مشاہدہ کرایا گیا، جو پانی کے مؤثر استعمال، کسانوں کی آمدن میں اضافے اور پالیسی سازی کے لیے مستند ڈیٹا کی فراہمی میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اور دیگر اقلیتوں کی صوبے کی ترقی میں خدمات قابلِ قدر ہیں اور بلوچستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں ایمان، اتحاد اور تنظیم کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے نئی نسل کو قائداعظمؒ کے افکار اپنانے کی تلقین کی۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی اور بابائے قوم کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سال 2025 کے دوران بلوچستان حکومت نے زراعت، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پر خصوصی توجہ دی۔ زرعی شعبے میں ہزاروں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا، جبکہ یوتھ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ تعلیم میں وظائف اور اسکالرشپس کے ذریعے مستحق طلبہ کی معاونت کی گئی، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئی سہولیات متعارف کرائی گئیں اور کوئٹہ میں شہری ترقی کے بڑے منصوبے شروع کیے گئے۔ ان اقدامات کے ابتدائی مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس سے عوام میں ترقی کے تسلسل کی امید پیدا ہوئی ہے۔
کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبے میں امن و امان کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور قومی سلامتی کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان عزمِ استحکام کے وژن کے تحت صوبے میں امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت مؤقف رکھتی ہے اور ایسے عناصر کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی اور ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے جینڈر اینڈ چائلڈ سیل کے قیام کے لیے پی سی ون دستاویز کے حتمی جائزے کی غرض سے کوئٹہ میں مشترکہ اسٹیک ہولڈر اجلاس منعقد کیا، جس میں UNFPA اور دیگر قومی و بین الاقوامی اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آفات کے دوران خواتین اور بچوں کے تحفظ، ادارہ جاتی رابطہ کاری، صلاحیت سازی اور صنفی حساس ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کے مؤثر نفاذ پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شراکت داروں نے سیل کے قیام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے جمیعت علماء اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی درخواست پر کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے مزید قانونی جانچ اور سماعت مکمل ہونے تک انتخابات مؤخر رکھنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ سیاسی و قانونی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔
پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے ساحلی علاقے جیوانی میں کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ دو ماہ کے دوران 123 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا، جو سمندر کے راستے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر نوکنڈی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 179 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا جو بغیر پاسپورٹ، ویزا یا کسی بھی قانونی دستاویز کے سفر کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق تمام گرفتار افراد کو تفتیش کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی آمد و رفت روکنے کے لیے سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
یورپی یونین کے مستحکم پارلیمان پروجیکٹ کے وفد نے بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں پی اے سی کے منفرد پیپر لیس سافٹ ویئر سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین پی اے سی اصغر ترین نے بتایا کہ یہ نظام کمیٹی کے امور کو مؤثر، شفاف اور جدید بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد فعال نظام ہے۔ اجلاس میں اسمبلی اور آڈٹ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
کوئٹہ : بلوچستان میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدلی ہے، جہاں بعض علاقوں میں باریشیں اور کچھ مقامات پر برفباری جاری ہے۔ علاقائی موسمیاتی مرکز کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند دنوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گر سکتا ہے۔
خصوصی طور پر قِلَات، کوئٹہ، مستونگ، سوراب، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں رات کے اوقات میں شدید سردی متوقع ہے۔
علاقائی موسمیاتی مرکز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش کی مقدار درج زیل رہی ہیں ۔
قِلَات: 29 ملی میٹر
پشین: 14.2 ملی میٹر
زیارت: 12.75 ملی میٹر
کوئٹہ (سریاب): 9 ملی میٹر
زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب لباس پہننے، کمبل اور ہیٹرز استعمال کرنے، اور پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
آج اردو زبان کے مشہور شاعر، افسانہ نگار اور قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کی 43ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ حفیظ جالندھری کا اصل نام محمد حفیظ اور کنیت ابوالاثر تھی، لیکن وہ اپنے قلمی نام حفیظ جالندھری سے مشہور ہوئے۔
قیام پاکستان کے بعد 47 سال کی عمر میں حفیظ جالندھری لاہور آ بسے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں پاک فوج میں ڈی جی مورال، صدر پاکستان کے چیف ایڈوائزر اور رائٹرز گلڈ کے ڈائریکٹر کے منصب شامل ہیں۔
حفیظ جالندھری کا سب سے بڑا کارنامہ ’شاہنامہ اسلام اور پاکستان کا قومی ترانہ تخلیق کرنا ہے۔ وہ خود کو غزل گو کہلوانا پسند کرتے تھے، لیکن انہوں نے سادہ اور دل کو چھو لینے والی زبان میں ایسے گیت تخلیق کیے جو آج بھی لوگوں کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔
ان کی مشہور تخلیقات میں شعری مجموعے جیسے نغمہ زار، تلخابہ شیریں اور سوزو ساز، افسانوں کا مجموعہ ہفت پیکر، اور گیتوں کے مجموعے ہندوستان ہمارا اور پھول مالی شامل ہیں۔ بچوں کے لیے بھی انہوں نے کئی نظمیں اور منفرد کتاب چیونٹی نامہ تخلیق کی۔
حفیظ جالندھری 21 دسمبر 1982ء کو وفات پا گئے اور وہ منٹو پارک لاہور میں مینارِ پاکستان کے سائے تلے آسودہ خاک ہیں۔ ان کی شاعری، ادبی تخلیقات اور پیغام آج بھی پاکستان اور اردو ادب کے لیے مشعل راہ ہیں۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جمہوریت اور آزاد صحافت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے باعث میڈیا کا نظام تیزی سے بدل رہا ہے، اس لیے صحافیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کریں۔
کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں مرحوم صحافی راجہ مطلوب کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پنجگور میں بینک ڈکیتی کے واقعے پر گفتگو ہوئی اور مسلح افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی۔
سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بلوچستان پہنچ گئے، جہاں دالبندین ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی، علاقائی عمائدین اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ آمد کو پاک–سعودی تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں بلوچستان پولیس کی 104ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پولیس کے کردار کو سراہا اور محکمہ پولیس کو وسائل کی فراہمی، مطالبات کی منظوری اور تربیتی سہولیات میں بہتری کی یقین دہانی کرائی۔
رپورٹر: عروبہ شہزاد
کوئٹہ: محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم قدرے ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے صوبے میں بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری سے متعلق موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوائی سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا جو 20 دسمبر تک بالائی علاقوں کو زیادہ متاثر کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، ہرنائی، موسیٰ خیل، دُکی، قلات، مستونگ، خضدار، نوشکی، چاغی، خاران، واشک، سوراب، پنجگور، کیچ، آواران، لسبیلہ، حب، گوادر، کچھی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کے دورانِ دن کے درجۂ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو خصوصاً پہاڑی اور حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اتھارٹی کی جانب سے عوام کو شدید بارش اور آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی گئی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملٹری کالج سوئی میں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، نظم و ضبط اور کردار سازی قوموں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو لیپ ٹاپ کی فراہمی، کالج کی سولرائزیشن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔