وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران تین ہزار سے زائد آپریشنز اور 800 سے زیادہ غیرقانونی پٹرول پمپس سیل کیے جا چکے ہیں۔ سرکاری زمین پر کسی قسم کا قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کوئٹہ، زیارت، خوجک پاس اور شمالی علاقوں میں موسم کی خرابی سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں جبکہ برف ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
کوئٹہ میں حالیہ بارش اور برفباری کے بعد مختلف علاقوں میں پھیلنے والی گندگی اور کیچڑ کے خاتمے کے لیے صفا کوئٹہ نے فوری صفائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ شہر کی اہم سڑکوں پر مشینری اور عملہ متحرک ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
بلوچستان میں حالیہ برفباری کے بعد وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانذیب خان نے کان مہترزئی کا دورہ کیا۔ قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ہیوی مشنری کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
کوئٹہ پاکستان موسمیاتی ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت و کوآپریٹو، حکومت بلوچستان کے درمیان آج 22 جنوری 2026 کو تعاون کا ایک خط (LoA) دستخط کیا گیا۔ اس معاہدے کا مقصد پی ایم ڈی کی موسمی ایپلیکیشن "پاک ویذر" میں کسانوں کے لیے فصلوں کے مطابق موسمی مشورے شامل کرنا ہے تاکہ انہیں بروقت زرعی، کیڑوں کے انتظام اور فصلوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔اس منصوبے کے تحت، پی ایم ڈی کے نیشنل ایگرو میٹ سینٹر محکمہ زراعت بلوچستان مشترکہ تحقیق کے ذریعے حقیقی وقت میں فارم مخصوص مشورے تیار کریں گے، جنہیں کسانوں تک پہنچایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اس اقدام سے کسانوں کو ایگریکلچر انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، جس کے ذریعے انہیں بروقت موسمی اپ ڈیٹس اور مشاورتی خدمات مل سکیں گی۔ اس موقع پر، صاحبزاد خان، ڈائریکٹر جنرل پی ایم ڈی نے جناب نور احمد پیرکانی، سیکریٹری محکمہ زراعت و کوآپریٹو، حکومت بلوچستان کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے، روٹین ایمونائزیشن میں اضافے اور درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں انسانی ترقی، انسانی حقوق، افغان مہاجرین، موسمیاتی تبدیلیوں اور ترقیاتی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اقوام متحدہ نے بلوچستان میں اصلاحاتی اقدامات اور قانون سازی کو سراہا اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ڈیٹ گوادر نے تاریخ میں پہلی بار سمندر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مکران کوسٹل لائن کے قریب گہرے سمندر سے 300 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر لی۔ کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا، جو بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث تھے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس کی سیکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بی کے سی بوگی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے بلٹ پروف سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات پر پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر سیکیورٹی کے باعث مسافروں کو محفوظ اور پُرسکون سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صوبے کے تقریباً ایک ہزار ارب روپے کے سالانہ بجٹ کا بڑا حصہ نان ڈیولپمنٹ اخراجات میں خرچ ہو جاتا ہے، جس کے باعث عوامی فلاح کے لیے محدود وسائل دستیاب ہیں۔ غیر مؤثر محکموں کے خاتمے اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کے ذریعے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا، اور عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے بلوچستان کانسٹیبلری کے نئے تعمیر شدہ بیرکس کا افتتاح کر دیا۔ دس کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بیرکس میں 150 اہلکاروں کو جدید رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور جدید تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان میں پیپلز ٹرین سروس کے آغاز اور ریلوے نظام کی بحالی پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ حکومت بلوچستان نے منصوبے کے لیے 1.40 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کیا، جبکہ مستقبل میں سروس کو مزید علاقوں تک توسیع دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کوئٹہ شہر میں نالوں کی صفائی، بحالی اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نالوں کی صفائی اور سلیب ڈالنے کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ نالوں کی صفائی اور بحالی کا عمل مارچ کے اختتام تک مکمل کرنے، پیش رفت کی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے، روزگار کے تحفظ اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے عزم کا بھی اعادہ کیا
کوئٹہ کے مصروف تجارتی علاقے لیاقت بازار میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی 13 گاڑیوں اور 70 سے زائد اہلکاروں نے آگ بجانے کے عمل میں حصہ لیا، جبکہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں 34 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 2301.8 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 22 ویں اجلاس میں مسنگ پرسنز، دہشت گردی، گورننس، تعلیم، میرٹ پر بھرتیوں، انتظامی اصلاحات اور سماجی تحفظ سے متعلق متعدد اہم اور تاریخی فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے کئی کلیدی قوانین اور رولز کی منظوری دیتے ہوئے صوبے میں شفافیت، امن و امان اور بہتر حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور شفاف نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹمز متعارف کرا دیے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ کے مطابق یہ اقدامات عوام کو تیز، مؤثر اور معیاری سروس کی فراہمی کے لیے کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ، عدالتِ عالیہ بلوچستان کے جج جسٹس نجم الدین مینگل کی بطور مستقل جج حلف برداری کی پروقار تقریب بلوچستان ہائی کورٹ کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے جسٹس نجم الدین مینگل سے مستقل جج کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز ججز، اعلیٰ عدالتی افسران، سینئر وکلا اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے جسٹس نجم الدین مینگل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس موقع کو عدالتی نظام کے استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
کوئٹہ : ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 20 جنوری کو ہونے والے جی ڈی اے دھرنے کے دوران سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن، ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن، تمام سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور سب ڈویژنل پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ دھرنے کے دوران مکمل طور پر الرٹ اور چوکس رہیں۔ انہوں نے اینٹی رائٹ یونٹس کی مؤثر تعیناتی، واٹر کینن اور آنسو گیس شیلز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر تیار رہے۔ ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ سڑکوں کی بندش، عوامی زندگی میں خلل اور سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تشدد، توڑ پھوڑ یا قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پولیس اہلکار پیشہ ورانہ انداز میں، قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے فرائض انجام دیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
غزالہ گولہ نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں قائم مقام گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل نے ان سے حلف لیا، جبکہ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔