جامعہ بلوچستان میں ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (AS&RB) کا 192 واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ایم فل، پی ایچ ڈی اور ایم ایس ریسرچ سے متعلق درجنوں کیسز کی منظوری دی گئی اور تحقیق کے معیار و عملی افادیت پر زور دیا۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بلوچستان کے ہونہار طلبہ کے لیے ملک اور بیرونِ ملک ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ اہل امیدواروں کے لیے بلوچستان کا ڈومیسائل، مقررہ عمر کی حد اور اہلیت ٹیسٹ میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اسکالرشپس کے لیے درخواستیں 13 جنوری 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔
بلوچستان میں ابتدائی بچپن کی تعلیم (ECE) کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں BUITEMS کوئٹہ میں منعقدہ پانچ روزہ مشاورتی ورکشاپ کے دوران اساتذہ، تعلیمی افسران اور پالیسی سازوں نے جامع ای سی ای پالیسی اور اساتذہ کے لیے منظم کیڈر فریم ورک پر غور کیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معیاری ابتدائی تعلیم نہ صرف بچوں کی تعلیمی بنیاد مضبوط کرتی ہے بلکہ آؤٹ آف اسکول بچوں کے مسئلے کے حل میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ یہ اقدام بلوچستان میں ایک منصفانہ، مربوط اور پائیدار تعلیمی نظام کی جانب امید افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کوئٹہ کے پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کینٹ میں کانووکیشن 2025 کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات، اساتذہ اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل تھے، جبکہ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی سمیت دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
کانووکیشن کے دوران مجموعی طور پر 245 طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم فرد کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی ترقی کا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ ماں کے بغیر کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔
گورنر بلوچستان نے طالبات کو درپیش سفری مشکلات کے پیش نظر کالج کے لیے دو بسیں اور ایک کوسٹر فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایس پروگرام میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئے پروفیسرز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ طالبات نے کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کرتے ہوئے جیوفزکس کے عملی تربیتی ورکشاپ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دورے کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کی تحقیقی کاوشوں کو سراہا جبکہ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے گورنر کا خصوصی انٹرویو بھی کیا۔ تقریب میں مائنز اینڈ منرلز، ڈینز اور اساتذہ نے شرکت کی اور ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
بلوچستان کی 11 سرکاری جامعات کی قیادت کیلئے 3 روزہ اسٹریٹجک پلاننگ اینڈ لیڈرشپ ایکسیلنس ورکشاپ NAHE نے HEC کی سرپرستی میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر منعقد کی۔ ورکشاپ میں اسٹریٹجک پلاننگ، کوالٹی ایشورنس، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور فنانشل سسٹین ایبلٹی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ قومی ماہرین نے بلوچستان کی جامعات کو درپیش مخصوص چیلنجز اور ان کے حل پر بھی روشنی ڈالی۔
کوئٹہ کے علاقے ہنہ اُڑک میں آئی ڈی ایس پی کے تحت قائم ماحول دوست کمیونٹی ڈیولپمنٹ یونیورسٹی اپنی مٹی، گھاس اور دیگر قدرتی مواد سے بنی عمارتوں، سولر و ونڈ انرجی کے استعمال اور بارش کے پانی کے ذخیرے کے نظام کے باعث نمایاں ہے۔ یہ ادارہ روایتی ڈگریوں کے بجائے نوجوانوں کو ماحول دوست تعمیرات، پائیدار طرزِ زندگی اور متبادل توانائی سے متعلق عملی تربیت فراہم کرتا ہے، اسے بلوچستان میں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ کی ایک مؤثر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ درانی کے وژن کے تحت گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول گوادر میں سکل ایجوکیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ اس کا مقصد طلبہ کو روایتی تعلیم کے ساتھ عملی ہنر، خصوصاً کشتی سازی (Boat Crafting)، سکھانا ہے۔ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ضلعی افسران نے تقریب میں شرکت کی اور اسے علاقائی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ مقامی لوگوں نے بھی اس منصوبے کا خیر مقدم کیا۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان اور ٹیک ویلی کا اشتراک، گوگل فار ایجوکیشن کے تین سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کیے جائیں گے
کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ٹیک ویلی کے ساتھ ایک مفاہمتی دستاویز ات (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت صوبے بھر میں گوگل فار ایجوکیشن کے تین سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کے ذریعے 15 ہزار اساتذہ کو لیول سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق یہ شراکت داری اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ اساتذہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں، ضروری سہولیات اور اعتماد سے آراستہ کیا جائے، تاکہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق جدید کلاس رومز قائم کیے جا سکیں۔ اس ( MoU) سےگوگل کے جدید تعلیمی ماڈل اور حکومتِ بلوچستان کی سنجیدہ کوششوں سے صوبے میں معیاری اور جدید تعلیم کے مواقع مزید بڑھیں گے، جبکہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
ضلع پشین میں محکمۂ تعلیم اور یونیسف نے 16 ایکسیلریٹڈ لرننگ پروگرام سینٹرز قائم کیے ہیں جہاں 564 بچے زیر تعلیم ہیں۔ ان سینٹرز کا مقصد محروم طبقات کے بچوں کو تیزی سے معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنا تعلیمی سفر شروع کر سکیں۔